رسائی کے لنکس

شاہی شادی: تیاریاں آخری مراحل میں


شاہی شادی: تیاریاں آخری مراحل میں
شاہی شادی: تیاریاں آخری مراحل میں

شادی سے ایک روز قبل شہزادہ ولیم نے اپنی شام ولی عہد شہزادہ چارلس اور کمیلہ پارکر اور اپنے بھائی شہزادہ ہیری کے ساتھ جبکہ کیٹ مڈلٹن نے اپنی شام لندن کے مقامی ہوٹل میں اپنے خاندان کے ساتھ گزاری

برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اورآنجہانی لیڈی ڈیانا کےصاحبزادے شہزادہ ولیم اورکیٹ مڈلٹن کی شادی کا باضابطہ پروگرام جاری ہونے کےساتھ ہی شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں۔

شاہی خاندان کی جانب سے جاری کیے گئے پروگرام کےمطابق شادی کی پروقارتقریب کےموقع پر شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن ایک دوسرے کے ساتھ وفا، پیارو محبت اور زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے وعدے کریں گے۔

شادی سے ایک روز قبل شہزادہ ولیم اپنی شام ولی عہد شہزادہ چارلس اور کمیلہ پارکر اور اپنے بھائی شہزادہ ہیری کے ساتھ جبکہ کیٹ مڈلٹن اپنی شام لندن کے مقامی ہوٹل میں اپنے خاندان کے ساتھ گزاریں گی۔

شاہی شادی میں دنیا بھر سے 1900افراد کو مدعو کیا گیا ہےجس میں کہ سربراہانِ مملکت اور مختلف ممالک کے شاہی خاندانوں کے سربراہان کو ملکہ الزبیتھ کی جانب سے خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

شہزادہ ولیم کی دادی ملکہ الزبیتھ کی جانب سے جمعرات کی شام برطانیہ سمیت شادی میں مدعو کیے گئے غیر ملکی شاہی خاندانوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

شاہی شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔جمعرات کے روز برطانوی افواج کے خصوصی دستے نے شاہی پریڈ کی آخری رہیرسل کا مظاہرہ بھی کیا۔

اِسی اثنا میں، برطانوی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق شام میں جاری پُرتشدد واقعات کے بعد برطانیہ نے شامی سفیر کو جاری کیا گیا شادی کا دعوت نامہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شامی سفیر ڈاکٹر سمیع خیامی نے برطانوی حکومت کے حالیہ فیصلے کو اپنے لیے باعثِ شرمندگی قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG