رسائی کے لنکس

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی پہلی کامیابی


دسویں اوور میں جب کراچی کنگز کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز ہوا، تو ایک بار پھر بارش کے باعث میچ روکنا پڑا اور ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت کراچی کنگز کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ اس طرح کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ’ڈک ورتھ اینڈ لوئس‘ قانون کے تحت کیا گیا۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا ایونٹ کا دسواں میچ بارش کے باعث 18، 18اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے موسم کی صورتحال دیکھتے ہوئے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی دو وکٹیں صرف 10رنز پر گر گئیں۔ سیم بلنگز بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، بریڈ ہیڈن کی وکٹ بھی عماد وسیم کے حصے میں آئی، وہ 6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آٹھویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا، اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز تھا۔ بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو میچ مزید مختصر کرکے 13اوور زہر ٹیم تک محدود کردیا گیا۔

اسمتھ 29 رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے، مصباح الحق نے سست رفتاری سے بیٹنگ کی اور 25گیندوں پر صرف 16 رنز بنا سکے، واٹسن نے 14گیندوں پر 26 رنز بنائے، وہ مشکل رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔عمران خالد ایک، آصف علی 5 اور محمد سمیع ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 13اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 90رنز بنا سکی۔

کراچی کنگز کی طرف سے عماد وسیم اور اسامہ میر نے دو، دو جبکہ عثمان خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، کرس گیل ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 2رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، کپتان سنگاکارا بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 2 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ شعیب ملک بھی صرف 3 رنز بنا سکے۔

دوسرے اینڈ پر بابر اعظم نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے اور 30 گیندوں پر ناقابل شکست47 رنز بنائے۔

دسویں اوور میں جب کراچی کنگز کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز ہوا تو ایک بار پھر بارش کے باعث میچ روکنا پڑا اور ’ڈک ورتھ لوئیس‘ قانون کے تحت کراچی کنگز کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ اس طرح کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

بابر اعظم کو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں نے اب تک چار، چار میچز کھیلے ہیں، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے پانچ، پانچ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے چار، چار جبکہ کراچی کنگز کے دو پوائنٹس ہیں۔

ایونٹ میں ہفتے کو دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈیٹرز آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔

XS
SM
MD
LG