رسائی کے لنکس

یونائیٹڈ نے ’گلیڈیٹرز‘ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا


پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے تین، تین میچ کھیل کر چار، چار پوائنٹس ہیں

پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں سیم بلنگز کی شاندار بیٹنگ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا، بلنگز نے ناقابل شکست 78 رنز بنائے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی، کوئٹہ گلیڈیٹرز کو 35کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان احمد شہزاد کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اگلی ہی گیند پر کیون پیٹرسن بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، روسوؤ بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرسکے اور صرف 7رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اسد شفیق نے اسلام آباد یوئیٹڈ کے بولرز کے سامنے کسی حدتک مزاحمت کی اور 42 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان سرفراز احمد صرف 12 رنز ہی بناسکے، یوں کوئٹہ گلیڈیٹرز کی آدھی ٹیم 102 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

تھسارا پریرا اور محمود اللہ نے آخری پانچ اوورز میں 46 رنز بنائے، پریرا 27 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوگئے، محمود اللہ نے 20 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رنز بنائے۔ اس طرح کوئٹہ گلیڈیٹرز مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بناسکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع اور شین واٹسن نے 2،2 جبکہ رومان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے 39 رنز کا آغاز فراہم کیا، محمد نواز نے اسمتھ کو 10 رنز پر کلین بولڈ کردیا، بریڈ ہیڈن 6اور کپتان مصباح الحق 10 رنز بناسکے۔

سیم بلنگز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور واٹس کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز بناکر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا، اس موقع پر واٹسن پریرا کی گیند پر حسن خان کو کیچ دے بیٹھے۔

یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 19 اعشاریہ ایک اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بناکر کوئٹہ گلیڈیٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈیٹرز کی طرف سے محمد نواز نے 2 جبکہ عمرگل، پریرا اور حسن خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

سیم بلنگز کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل
پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے تین، تین میچ کھیل کر چار، چار پوائنٹس ہیں۔

ایونٹ کے آٹھویں میچ میں جمعرات کو کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔

لاہور قلندرز نے تین میچ کھیل کر دو پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں جبکہ کراچی کنگز نے ابھی کوئی پوائنٹس حاصل نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG