رسائی کے لنکس

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 8 رنز سے ہرا دیا


لاہور قلندرز کی ٹیم 18 اعشاریہ 4 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یہ میچ 8 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد لاہورقلندرز کو 8 رنز سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہورقلندرز کو جیت کیلئے 137 رنزکا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں قلندرز کی اننگز کا آغاز بھی گلیڈی ایٹرز سے مختلف نہ رہا اور جیسن روئے 27 رنز بناکر ذوالفقار مرزا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو دوسری وکٹ کیلئے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور کپتان میک کولم 20 رنز بناکر ذوالفقار مرزا کا شکار ہو گئے۔

قلندرز کی مشکلات یہیں ختم نہیں ہوئیں، مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد عمراکمل بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان 5 اور فخر زمان 11 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب گرانٹ ایلیٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور ایسا لگتا تھا کہ وہ لاہور قلندر ز کا بیڑہ پار لگادیں گے لیکن محمد نواز نے انہیں 26 رنز پر کلین بولڈ کر کے میچ کو دلچسپ بنادیا۔ سنیل نارائن نے 15 گیندوں پر 26 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔

اس طرح لاہور قلندرز کی ٹیم 18 اعشاریہ 4 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یہ میچ 8 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقار بابر، محمد نواز اور حسن خان نے دو، دو جبکہ ملز اور انور علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی. کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 14 رنز تھا، احمد شہزاد صرف 5 رنز بناسکے، سینئربیٹسمین کیون پیٹرسن صرف تین رنز بناکر محمد عرفان جونیئرکا شکار بنے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین لاہور قلندرز کے بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور صرف 56 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ اسد شفیق 29، کپتان سرفراز احمد اور محمد نواز ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، پریرا نے 12 اور حسن خان نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہورقلندرز کی نپی تلی بولنگ کے خلاف روسو نے کسی حد تک مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی ہمت ہار گئے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہو گئے، روسو نے47 گیندوں پر 60 رنز بنائے۔

اس طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بناسکے۔

لاہورقلندرز کی جانب سے محمد عرفان جونیئر نے 3، سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے دو، دو اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایونٹ میں ہفتے کو بھی دو میچز کھیلے جائیں گے، اسلام آباد یونائٹیڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہو گا جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG