رسائی کے لنکس

پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ نے جیت لیا


اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا. پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا اور ایونٹ کی پہلی ہی گیند پر محمد عرفان نے حفیظ کو پویلین کی راہ دکھا دی

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ ہیڈن نے 73رنز کی اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 190 رنز بنائے۔ لیکن بارش کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کیلئے 18 اوورز میں 173 رنز کا ہدف دیا گیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور 14رنز پر ہی پہلی وکٹ گر گئی۔ شرجیل خان صرف ایک رن بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

ڈیوائن اسمتھ اور بریڈ ہیڈن نے اننگز کو آگے بڑھایا اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گنوائے اسکور 118 رنز تک پہنچا دیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 104 رنز کا اضافہ کیا، بڑیڈ ہیڈن 39 گیندوں پر 73رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

ڈیوائن اسمتھ نے 55 رنز کی اننگ کھیلی، واٹسن 26 اور بلنگز 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، جبکہ دو گیندیں باقی تھیں۔

پشاور زلمی کی طرف سے جنید خان سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے 52رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا اور ایونٹ کی پہلی ہی گیند پر محمد عرفان نے حفیظ کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

اس کے بعد، کامران اکمل اور ڈیوڈ ملن نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 122 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ اس موقع پر ملن 30گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ ایون مورگن صرف تین رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار بنے۔

دوسرے اینڈ پر کامران اکمل نے دھواں دار بیٹنگ جاری رکھی اور ہر بولر کی جم کر پٹائی کی، کامران اکمل 43 گیندوں پر تیز رفتار 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

کامران اکمل کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور مجموعی اسکور میں صرف 40 رنز کے اضافے پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، ڈیرن سیمی7، بوم بوم آفریدی 4، حارث سہیل 12 افتخار احمد صفر اور حسن علی 4 رنز بناسکے، یوں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر190 رنز بناسکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے شین واٹسن نے 4، محمد عرفان اور محمد سمیع نے دو، دو جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ میں جمعہ کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا، جبکہ دوسرا میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG