رسائی کے لنکس

پاکستان سپر لیگ صرف ایک دن بعد، افتتاحی تقریب سرپرائز ہوگی


پی ایس ایل ٹو کی افتتاحی تقریب سب کے لئے سرپرائز اور سب کے لئے یادگار ہو گی۔ تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگی۔ تقریب کو پاکستان کے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگوں سے سجایا گیا ہے

پاکستان سپر لیگ ٹو کا میلہ جمعرات سے دبئی میں سجنے جارہا ہے جو اگلے 27 روز تک جاری رہے گا۔ پچھلے سیشن کے مقابلے میں اس سیشن کو ایک نیا رنگ و روپ دیا جارہا ہے۔

اس کی سب سے بڑی مثال بدھ کی شام دبئی میں ہونے والی وہ پریس کانفرنس ہے جس سے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تو خطاب کیا ہی ساتھ ہی ساتھ شو بزنس کی دنیاسے جڑے کچھ فنکار اور گلوکاروں نے بھی میڈیا نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا۔

شیگی۔ فائل فوٹو
شیگی۔ فائل فوٹو

ان میں فہد مصطفیٰ، شہزاد رائے، رمیز راجہ، علی ظفر اور شیگی شامل تھے۔ مسٹر بوم باسٹک سے شہرت پانے والے گرامی ایوارڈ ونر شیگی جمیکا، ویسٹ انڈیز کے نامور گلوکار ہیں جو خاص طور سے اس تقریب میں پرفارمنس کے لئے پاکستان پہنچے ہیں۔

کانفرنس سے خطاب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل ٹو کی افتتاحی تقریب سب کے لئے سرپرائز اور سب کے لئے یادگار ہو گی۔ تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگی۔ تقریب کو پاکستان کے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگوں سے سجایا گیا ہے جبکہ اس میں پیش کیا جانے والا فائر ورکس بھی اپنی مثال آپ ہوگا۔

ماضی کے نامور کرکٹر ،سابق کپتان اور پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈررمیز راجہ نے امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مہمان کھلاڑی بھی ایونٹ کے لئے پر جوش ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کو میرون اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کو گرین کیپ دی جائیں گی۔

پہلا میچ : پشاور بمقابلہ اسلام آباد یونائٹیڈ
پی ایس ایل سیشن ٹو کا پہلا میچ ’پشاور زلمی‘ اور’ اسلام آباد یونائٹیڈ ‘کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد یونائٹیڈدفاعی چیمپئن ہے جس کی کپتانی مصباح الحق کریں گے جبکہ پشاور زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی کوسونپی گئی ہے ۔

اسکواڈ : پشاور زلمی
ایون مورگن(انگلینڈ)، تلکرتنے دلشان(سری لنکا)، شکیب الحسن (بنگلادیش)، کرس جارڈن (انگلینڈ)، سمیت پاٹیل (انگلینڈ)، تمیم اقبال (بنگلادیش)، شاہد آفریدی، صہیب مقصود، وہاب ریاض، محمد حفیظ، کامران اکمل، حارث سہیل، افتخار احمد، حسن علی، عمران خان جونیئر، محمد اصغر اور جنید خان ۔

اسکواڈ : اسلام آباد یونائٹیڈ
شین واٹسن (آسٹریلیا)، آندرے رسل (ویسٹ انڈیز)، سیموئل بدری (ویسٹ انڈیز)، بریڈ ہیڈن (آسٹریلیا)، سیم بلنگ (انگلینڈ)، شرجیل خان، محمد سمیع، آصف علی، سعید اجمل، محمد عرفان، رومان رئیس، خالد لطیف، حسن طلعت، عماد بٹ اور سید مزمل شاہ۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق افتتاحی تقریب کے بعد رات نو بجے شروع ہوگا۔

XS
SM
MD
LG