رسائی کے لنکس

پاکستان تحریک انصاف نے قومی و صوبائی کے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے 173 اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔

خیبر پختون خوا اسمبلی کے لئے 81 ، سندھ اسمبلی کے لئے 21،بلوچستان اسمبلی کے لئے 23 اور پنجاب کے 165 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد، بنوں، راولپنڈی، میانوالی اور لاہور سے انتخاب لڑیں گے۔

پارٹی کے اہم رکن غلام سرور خان راولپنڈی کے دو حلقوں این اے 59 اور 63 سے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا مقابلہ کریں گے۔

پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی این اے 156 ملتان، عبدالعلیم خان این اے 129 لاہور، شفقت محمود این اے 130 لاهور سے الیکشن لڑیں گے۔

جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری پارلیمانی بورڈ کی جانب سے ابتدائی طور پر قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لئے منتخب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے بقیہ حلقوں سے امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پارٹی فہرست کے مطابق عامر محمود کیانی این 61 راولپنڈی سے میدان میں اتریں گے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 125 لاہور اور اعجاز چودھری این اے 133 لاہور سے انتخاب لڑیں گے۔ شفقت محمود این اے 130 لاہور سے میدان میں اتریں گے۔ عثمان ڈار این اے 73 سیالکوٹ سے تحریکِ انصاف کے امیدوار ہوں گے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پارلیمانی بورڈ نے زیادہ تر حلقوں کے لئے امیدواروں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ ایک نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا۔ ہمیں ساڑھے چار ہزار درخواستیں موصول ہوئیں لیکن یہ فطری امر تھا کہ سب کو ٹکٹس دینا ممکن نہیں تھا اور امیدواروں کا انتخاب مشکل مرحلہ تھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے نہایت محنت اور دیانتداری سے فیصلے کئے اور جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے طلب کی اور دیرینہ کارکنان اور پارٹی کے ساتھ وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو ٹکٹس نہیں ملے انہیں ساتھ چلنے کی دعوت دیتا ہوں۔ ہم نے بہترین امیدوار میدان میں اتارنے کی کوشش کی۔ مایوس ہونے کی بجائے نئے پاکستان کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ہمارے ساتھ نکلیں۔

خیبرپختونخوا ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ملکی سیاست میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے جہاں سابق صدر پرویز مشرف این اے ون، تحریک انصاف کے چیئرمین این اے35 بنوں اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 8 ملاکنڈ سے الیکشن لڑیں گے۔

عمران خان کا این اے 35 بنوں میں مقابلہ سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی سے ہو گا، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی خیبرپختونخوا سے الیکشن لڑانے کی تیاری کرائی جارہی ہے۔ وہ مالاکنڈ سے این اے 8 سے مقابلے کے لیے اتریں گے ان کا مقابلہ ایم ایم اے کے صوبائی صدر مولانا گل نصیب سے ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے جس کیلئے تمام جماعتوں نے امیدواروں کے چناؤ کا عمل شروع کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے بعض حلقوں میں ٹکٹ نہ ملنے پر کارکنوں میں اشتعال بھی پایا جاتا ہے۔

خیبرپختونخواہ میں بعض حلقوں میں بعض امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کے نام سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایک خاتون جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کے لیے کاغذات جمع کروائے انہیں پاکستان تحریک انصاف نے ٹکٹ مانگے بغیر ہی جاری کردیا، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والی نازیہ راحیل کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی۔

XS
SM
MD
LG