'کسی قسم کی غیر فنڈنگ ثابت نہیں ہوئی'
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ جو لوگ غیر ملکی فنڈںگ کے بیانیے کو آگے بڑھاتے رہے آج انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ شروع دن سے ہمارا مؤقف رہا ہے کہ یہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں کسی قسم کی فارن فنڈنگ ثابت نہیں ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے الیکشن کمیشن پر جانبدار ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے ایک ہی جماعت پر الیکشن ایکٹ 2017 لاگو کیا اور ایک ہی جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کی فنڈںگ کے ذرائع بھی بتائیں۔ یہ سب چیزیں قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے تھیں لیکن ہمارے ساتھ برابری کی سطح پر برتاؤ نہیں ہوا۔
عمران خان استعفیٰ دے کر گھر بیٹھ جائیں: حنا پرویز بٹ
مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ثاقب نثار نے جسے 'صادق و امین' کہا آج الیکشن کمیشن نے اسے 'جھوٹا' قرار دے دیا۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ''اگر عمران خان میں ذرا بھی شرم باقی ہے تو وہ استعفیٰ دے کر گھر بیٹھ جائیں۔''
ای سی پی فیصلہ: 'یہ غلط بیانی کا معاملہ نہیں ہے'
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سی ای سی اور اراکین حلف نامے اور سرٹیفکیٹ میں فرق کرنے میں ناکام رہے۔
ان کے بقول عمران خان نے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس پر سرٹیفکیٹ جمع کرایا، یہ غلط بیانی کا معاملہ نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کردی: اکبر ایس بابر
منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے عمران خان کے پارٹی قیادت سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پی ٹی آئی میں رجیم چینج ہو اور پارٹی نظریاتی کارکنوں کے حوالے کی جائے۔
اکبر ایس بابر کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی دباؤ بڑھے گا، سیاسی جماعتوں میں بادشاہت ختم ہوگی اور ملک کو اچھی قیادت میسر آئے گی۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن دیگر سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ سے متعلق بھی جلد فیصلہ کرے گا۔