رسائی کے لنکس

تحریکِ انصاف نے پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی مسترد کردی


میٹی میں حکومت کی حلیف جماعتوں کے چھ جب کہ اپوزیشن جماعتوں کے چار اراکین شامل ہوں گے جن کے نام تاحال طے نہیں ہوئے ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے رکنِ قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی پارلیمنٹ کی ’اخلاقیات کمیٹی‘ کو مسترد کر دیا ہے۔

تحریکِ انصاف کی ایک مرکزی رہنما اور خاتون رکنِ قومی اسمبلی شیرین مزاری نے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ اس کمیٹی میں اُن کے بقول تحریکِ انصاف کے سیاسی مخالفین بھی شامل ہیں اس لیے اُنھیں اس کمیٹی سے انصاف کی توقع نہیں۔

شیریں مزاری نے اپنے خط میں لکھا کہ اُن کی جماعت عائشہ گلالئی کے الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات چاہتی ہے اور اس کے لیے اُنھوں نے تجویز دی ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ کی طرز پر ایک آزاد پارلیمانی کمشنر مقرر کیا جائے جو تمام اُمور خود طے کرنے کا مجاز ہو۔

پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکنِ قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے الزام لگایا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انہیں مبینہ طور پر اُنھیں موبائل فون کے ذریعے نامناسب پیغامات (ایس ایم ایس) بھیجے تھے۔

گلالئی نے اپنی جماعت کی قیادت پر کئی دیگر الزامات بھی لگائے تھے۔

عائشہ گلالئی کے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی بنانے کی قرار داد منظور کی گئی تھی، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کی ایک 10 رکنی ’اخلاقیات کمیٹی‘ بنانے کی منظوری دی تھی۔

اس کمیٹی میں حکومت کی حلیف جماعتوں کے چھ جب کہ اپوزیشن جماعتوں کے چار اراکین شامل ہوں گے جن کے نام تاحال طے نہیں ہوئے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان عائشہ گلالئی کے الزامات کی تردید کرتے ہیں جب کہ عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ اُن کے پاس اپنے موقف کے حق میں شواہد موجود ہیں۔

عائشہ گلالئی سکیورٹی خطرات کے سبب اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پشاور سے اسلام آباد منتقل ہو چکی ہیں جہاں اُنھیں حکومت کی طرف سے سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اب جب کہ عائشہ نے پارٹی چھوڑ دی ہے تو اُنھیں قومی اسمبلی کی نشست سے بھی مستعفی ہو جانا چاہیے۔

لیکن عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ وہ استعفی نہیں دیں گی اور قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم کو اپنی آواز بلند کرنے کے لیے استعمال کریں گی۔

XS
SM
MD
LG