رسائی کے لنکس

2022ء کے فٹ بال ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد پر اختلافات


فیفا کے سربراہ جیانی انفنٹینو کوالالمپور میں ہونے والی ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کانگریس سے خطاب کر رہے ہیں۔
فیفا کے سربراہ جیانی انفنٹینو کوالالمپور میں ہونے والی ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کانگریس سے خطاب کر رہے ہیں۔

سن 2022 میں ہونے والے عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے میزبان ملک قطر نے ایونٹ میں ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کرنے سے انکار کردیا ہے۔

قطر کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی تعداد بڑھانے سے متعلق فٹ بال کے منتظم ادارے 'فیفا' کے ساتھ کوئی اتفاق یا معاہدہ نہیں ہوا۔ لیکن 'فیفا' کے صدر کا کہنا ہے کہ قطر کو چاہیے کہ وہ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ قبول کرکے ایونٹ کی میزبانی میں دیگر خلیجی ممالک کو بھی شریک کرلے۔

آئندہ ورلڈ کپ کے قطری منتظم نصر الخاطر نے واضح کیا ہے کہ سن 2022ء کا ورلڈ کپ 32 ٹیموں تک ہی محدود رہنا چاہیے۔

ہفتے کو کوالالمپور میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کانگریس کے موقع پر فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے گفتگو میں نصر الخاطر کا مزید کہنا تھا کہ 32 ٹیموں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسی لحاظ سے ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی کر رہا تھا جب کہ 16 مزید ٹیموں کی شمولیت کا صرف امکان تھا جس کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔

کوالالمپور میں بات چیت کے دوران الخاطر نے بتایا کہ قطر بھی فیفا کے ساتھ مل کر ٹیموں میں اضافے کے صرف امکانات کا جائزہ لے رہا تھا اور اس سلسلے میں ممکنہ طور پر کیے جانے والے انتظامات پر غور کر رہا تھا لیکن اس نے 48 ٹیموں کی ورلڈ کپ میں شمولیت سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں کیا۔

تاہم نصر الخاطرکا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں انہیں اس بات کی امید نہیں کہ ٹیموں کی تعداد 48 کردی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات کا تو کوئی چانس ہی نہیں البتہ ٹورنامنٹ کی میزبانی میں کویت اور عمان کو شریک کرنے سے متعلق امکان کا جائزہ زیرِ غور تھا۔

ادھر ٹیموں کی تعداد نہ بڑھائے جانے کے حوالے سے فیفا کے صدر کا کہنا ہے کہ 90 فی صد فٹبال ایسوسی ایشنز نے اس اقدام کی حمایت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG