ستار کاکڑ
کوئٹہ کے ایک مضافاتی علاقے میں ایک مسافر بس پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم چار خواتین ہلاک اور ایک خاتون اور ایک مرد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق بس کوئٹہ شہر سے ایک مضافاتی آبادی ہزار گنجی جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پڈ گالی چوک کے قریب اس پر فائرنگ کر دی۔
حملہ آور اس کارروائی کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
چار خواتین موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں اور دو افراد کو گولیوں سے گہرے زخم آئے، جنہیں فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس پہنچا دیا گیا۔
ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے ایک مرد اور ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس اور فرنٹیئر فورس نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے تھا اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کا تعلق فرقہ وارانہ تشدد سے ہو سکتا ہے۔
کوئٹہ میں اس سے قبل ماضی میں بھی فرقہ وارانہ تشدد کے متعدد واقعات میں کئی افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔