بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ایک ڈپٹی سپریٹینڈنٹ پولیس کو ہلاک کر دیا جب کہ اس حملے کے دوران ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر زخمی بھی ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈپٹی سپریٹینڈنٹ پولیس ’ڈی ایس پی‘ ہیڈ کوارٹر عمر الرحمان اپنے بھتیجے اے ایس آئی بلال شمس الرحمان کے ہمراہ پیر کی شام کو نماز مغرب کی ادائیگی کے لیے قریبی مسجد جا رہے تھے اور جیسے ہی وہ مسجد کے مرکزی دروازے پر پہنچے تو ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نا معلوم نقاب پوش مسلح افراد نے اُن پر فائرنگ شروع کر دی جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر پہلے سول اور بعد میں مسلح افواج کے اسپتال ’سی ایم ایچ‘ منتقل کیا گیا جہاں عمر الرحمان زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے دم توڑ گئے، جب کہ اُن کے بھتیجے اے ایس آئی بلال شمس الرحمان تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں، لیکن اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ڈپٹی سپریٹینڈنٹ پولیس عمر الرحمان 2013 میں پولیس لائن میں پولیس افسران پر ہونے والے خود کش حملے میں شہید ہونے والے ’ڈی ایس پی‘ ہیڈ کوارٹر شمس الرحمان کے بھائی تھے جب کہ زخمی ہونے والے بلال شمس الرحمان کے بیٹے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں رواں سال کے دوران پولیس افسران پر ہونے والا یہ چوتھا حملہ ہے جس میں پولیس کے ایک سب انسپکٹر سمیت تین اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔