امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر مورینو ویلی میں جمعے کو لگنے والی آگ نے سینکڑوں ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز کوششوں میں مصروف ہیں۔ پہاڑیوں پر درختوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے طیاروں کی مدد سے کیمیکل بھی پھینکا جا رہا ہے۔ کیلی فورنیا کے محکمۂ جنگلات کے مطابق تقریباً ایک ہزار گھرانوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا اب تک علم نہیں ہو سکا ہے اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع ہے۔ امریکہ کی مختلف ریاستیں ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ کیلی فورنیا سے لے کر ٹیکساس تک لاکھوں امریکیوں کو ہیٹ ویو کا سامنا ہے اور اس ویک اینڈ پر درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔