رسائی کے لنکس

ریڈیو معلومات کے حصول کا موثر ترین ذریعہ


پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران ریڈیو کے بہت سے ایف ایم چینل شروع ہوئے جو ابلاغ کے اس ذریعہ کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

بدھ کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ریڈیو کا عالمی دن منایا گیا تاکہ لوگوں تک معلومات اور تفریح پہنچانے کے اس سستے اور طاقتور ذریعے کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

ذرایع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ دنیا میں معلومات و تفریح کی بدلتی روایات اور ذرائع کے باوجود ریڈیو کی اہمیت سے کسی طور بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران ریڈیو کے بہت سے ایف ایم چینل شروع ہوئے جوابلاغ کے اس ذریعہ کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ریڈیو کے شعبے سے وابستہ ایک سینیئر براڈ کاسٹر اطہر رضا اجنبی کہتے ہیں کہ ریڈیو نے جہاں لوگوں کو معلومات اور تفریح فراہم کی وہیں قدرتی آفات سے لے کر ٹریفک جیسے مسائل کو بھی سب سے پہلے ریڈیو ہی کور کرتا ہے انھوں نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٴریڈیو کی اہمیت کسی بھی دور میں کبھی بھی کسی بھی طرح سے کم نہیں ہوئی ہے۔

’’اگر بات کی جائے موجودہ دور کی تو ریڈیو کی اہمیت مسلمہ ہے خاص کر اگر ہم اپنے معاشرے کی بات کریں جہاں آئے دن رابطے کا ذریعہ یعنی موبائل فون اب بند ہونے لگا ہے اس کے علاوہ بڑے شہروں میں ہڑتالیں ہوتی ہیں رابطے کا کوئی اور ذریعہ نہیں بچتا لوگ کہتے ہیں کہ ٹی وی پر خبریں دیکھنے کو مل جاتی ہیں لیکن ٹی وی تب ہی چلے گا جب بجلی ہو گی لوڈشیڈنگ ہمارے ہاں کا بہت بڑا مسئلہ ہے ایسی صورت میں ریڈیو اپنا مقام اور مزید بناتا جا رہا ہے اور آگے نکلتا جا رہا ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ریڈیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اپنی ایجاد سے لے کر اب تک ریڈیو نے لوگوں کو سوچ دی، تبدیلی کے دروازے کھولے اور جان بچانے والی معلومات پھیلانے کا ذریعہ بنا، انھوں نے مزید کہا کہ ریڈیو تفریح، معلومات اور تعلیم و تربیت فراہم کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، تعلیم و ثقافت (یونیسکو) نے اپنے بیان میں دنیا بھر میں چھوٹے بڑے ریڈیو اسٹیشنوں اور براڈکاسٹرز کو ایک دوسرے سے تعلق بڑھانے اور عوام کے لیے معلومات کا حصول، آزادی اظہار کو ممکن بنانے پر زور دیا۔
XS
SM
MD
LG