متوقع طورپرامریکی صدر براک اوباما جمعےکے روز اپنےچیف آف اسٹاف کےاستعفیٰ کا اعلان کرنے والے ہیں۔
راہم امانوئل کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ صدر کے مشیر کے طور پر دست بردار ہو رہے ہیں تاکہ شکاگو کے میئر کا الیکشن لڑ سکیں، جو امریکہ کا تیسرا سب سے بڑا شہر ہے۔
مسٹر اوباما کے چیف آف اسٹاف کے طور پر امانوئل صدر کے انتظامی دفتر کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور اُن کے قریبی مشیروں میں سے ایک ہیں۔ اُن کی ڈیوٹی میں شامل ہے کہ کون صدر تک رسائی حاصل کرے گا ،اور صدر کے ایجنڈا کو آگے بڑھانے کے لیے ارکانِ کانگریس سے مذاکرات کرنا ۔
وائٹ ہاؤس ترجمان رابرٹ گِبز نے اِن خبروں کو تصدیق کرنے سے احتراز کیا کہ امانوئل دستبردار ہورہے ہیں، تاہم اُنھوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ صدر اوباما جمعے کوعملے کی تبدیلی کا اعلان کریں گے۔
امانوئل کےاوباما انتظامیہ کو چھوڑنےکی قیاس آرائیاں گذشتہ ماہ اُس وقت سے سامنے آ رہی ہیں جب شکاگو کے موجود میئر رچرڈ ڈیلے نے اعلان کیا کہ وہ اگلے سال ساتویں مدت کے لیے امیدوار نہیں ہوں گے۔
امانوئل، جو اِلی نوائے سے ایک سابق رکنِ کانگریس ہیں، ایک عرصے سے اپنے آبائی شہر کے میئر کے عہدے میں دل چسپی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
مقبول ترین
1