بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراوڈ رواں ماہ شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
بھارت کے موجودہ ہیڈ کوچ روی شاستری، جنہوں نے 2017 کے وسط میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، آئندہ ماہ ختم ہونے والے اپنے معاہدے میں توسیع نہیں چاہتے۔
روی شاستری متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے کرکٹ کے عالمی مقابلے کے بعد اپنے عہدے سے دست بردار ہو جائیں گے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سابق کپتان راہول ڈراوڈ نے 1996 سے 2012 کے درمیان بھارت کی جانب سے 164 ٹیسٹ اور 344 ایک روزہ میچز کھیلے تھے۔ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ کے طور پر نوجوان کھلاڑی فراہم کرنے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
بھارتی اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا’ کے مطابق 48 سالہ راہول ڈراوڈ کو دو برس کے معاہدے کی پیشکش کی جائے گی جس میں اکتوبر، نومبر 2023 میں بھارت میں کھیلے جانے والا 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھی شامل ہو گا۔
علاوہ ازیں کرکٹ کی ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کے مطابق راہول ڈراوڈ کے سابق ساتھی پارس مہامبرے، بھرت ارون کی جگہ بطور بولنگ کوچ کرکٹ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
رپورٹس کے مطابق وکرم راٹھور بطور بیٹنگ کوچ اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
راہول ڈراوڈ کی کوچنگ میں بھارت کی ٹیم رواں سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی۔
راہول ڈراوڈ اپنے آبائی علاقے بنگلور میں بی سی سی آئی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے 2019 سے بطور ڈائریکٹر منسلک ہیں۔ جب کہ اس سے قبل وہ بھارت کی انڈر 19 اور اے ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
اس رپورٹ میں مواد خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے شامل کیا گیا ہے۔