رسائی کے لنکس

آئیفا ایوارڈ 2019: عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ بہترین فنکار قرار


بہترین فلم کا ایوارڈ 'راضی' کے نام رہا۔ سارہ علی خان بہترین ڈیبیو ایکٹریس قرار پائیں۔ (فائل فوٹو)
بہترین فلم کا ایوارڈ 'راضی' کے نام رہا۔ سارہ علی خان بہترین ڈیبیو ایکٹریس قرار پائیں۔ (فائل فوٹو)

بالی وڈ کی جاسوسی تھرلر فلم 'راضی' 2018 کی بہترین فلم قرار پائی ہے جب کہ عالیہ بھٹ بہترین اداکارہ اور رنویر سنگھ بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

'دی انٹر نیشنل انڈین فلم اکیڈمی' یعنی 'آئیفا ایوارڈ' کی رنگا رنگ تقریب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ممبئی میں منعقد ہوئی جس میں بالی وڈ نگری کے ستاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق آئیفا ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد پہلی مرتبہ ممبئی میں کیا گیا۔ اس سے قبل امریکہ، برطانیہ، سنگاپور اور مشرق وسطیٰ میں ان ایوارڈ کی تقریبات ہوتی رہی ہیں۔

ممبئی میں منعقدہ تقریب میں سلمان خان، کترینہ کیف، سارہ علی خان اور ڈانس آئیکون مادھوری ڈکشت نے مختلف گانوں پر پرفارم کیا تو ساری محفل جھوم اُٹھی۔

عالیہ بھٹ اور ماضی کی نامور اداکارہ ریکھا
عالیہ بھٹ اور ماضی کی نامور اداکارہ ریکھا

رقص و موسیقی میں ڈوبی تقریب اس وقت جوبن پر آگئی جب بہترین فلم، اداکار اور اداکارہ کا اعلان کیا گیا۔

بالی وڈ نگری کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'راضی' کو سال کی بہترین فلم قرار دیا گیا جب کہ اداکارہ عالیہ بھٹ کو اس فلم میں جاندار اداکاری پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین اداکار کے طور پر رنویر سنگھ کا نام پکارا گیا تو محفل دیر تک تالیوں کے شور سے گونجتی رہی۔ رنویر سنگھ کو فلم 'پدماوت' میں بہترین پرفارمنس پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بھارت کی 'ڈانس آئیکون' کہی جانے والی مادھوری ڈکشت
بھارت کی 'ڈانس آئیکون' کہی جانے والی مادھوری ڈکشت

فلم 'راضی' کی کہانی ایک کشمیری جاسوس کے گرد گھومتی ہے جو ایک پاکستانی اہلکار سے محض اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے شادی کرتی ہے۔

اس فلم کو میگھنا گلزار نے ڈائریکٹ کیا ہے، جن کے فن کو سراہا جارہا ہے۔

سلمان خان اور رنویرسنگھ
سلمان خان اور رنویرسنگھ

سری رام رگھون کو فلم 'اندھا دھند' کی بہترین ڈائریکشن کے لیے ایوارڈ دیا گیا جب کہ اسی فلم نے بہترین اسکرین پلے اور بہترین کہانی کے بھی ایوارڈ جیتے۔

ادیتی راؤ حیدری نے فلم ’پدماوت‘ میں اپنے کردار کے لیے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ یہ فلم متعدد تنازعات کا شکار ہونے کے باوجود کئی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔ لیکن، آئیفا میں ان تنازعات کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔

اداکار سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان نے فلم 'کیدار ناتھ' میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین ڈیبیو ایکٹریس کا ایوارڈ جیتا۔

سارہ علی خان کی پرفارمنس
سارہ علی خان کی پرفارمنس

ادھر سال 2018 میں بھارتی فلم انڈسٹری نے تقریباً 1800 فلمیں ریلیز کر کے دنیا کی سب سے زیادہ فلمیں بنانے والی فلم انڈسڑی کی حیثیت حاصل کرلی ہے۔

'ارنیسٹ اینڈ ینگ' نامی ادارے کی جانب سے مارچ میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، اس سال فلموں سے ہونے والی آمدنی میں 12 اعشاریہ 2 فیصد اضافہ ہوا جس میں صرف بالی وڈ کی ہی فلمیں شامل نہیں بلکہ علاقائی فلمیں بھی شامل ہیں۔

'آئیفا' کی تقریب سے بھارتی 'ایوارڈ سیزن' کا آغاز ہوتا ہے جبکہ اختتام 'نیشنل فلم ایوارڈ' کی تقریب پر ہوتا ہے جس میں عالمی سطح پر ہونے والی تقریبات کے مقابلے میں شرکا کی تعداد تو کم ہوتی ہے، لیکن اسے زیادہ معتبر تسلیم کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG