رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ: انگلش ٹیم 267 رنز پر ڈھیر، ساجد خان کی چھ وکٹیں


  • انگلش کپتان بین اسٹوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا۔
  • ابتدا میں انگلش اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔
  • زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے پہلی وکٹ پر 56 رنز کی شراکت قائم کی۔
  • وکٹ کیپر بلے باز جمی اسمتھ 89 اور بین ڈکٹ 52 کے علاوہ کوئی بیٹر لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔ جو روٹ اور ہیری بروک پانچ، پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
  • ساجد خان نے چھ، نعمان علی تین اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ویب ڈیسک _ راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 267 رنز پر ڈھیر ہو گئی جب کہ اسپنر ساجد خان ایک مرتبہ پھر شائننگ بالر ثابت ہوئے۔

راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں جمعرات کو انگلش کپتان بین اسٹوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا لیکن انگلش بلے باز پاکستانی اسپنرز کے جال میں پھنس گئے۔

وکٹ کیپر بلے باز جمی اسمتھ 89 اور بین ڈکٹ 52 کے علاوہ کوئی بیٹر لمبی اننگز نہ کھیل سکا جب کہ ساجد خان نے چھ، نعمان علی تین اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے پہلے سیشن میں انگلش اوپنرز زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی کپتان شان مسعود نے اسپنرز پر انحصار کرتے ہوئے انہیں انگلش بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کا ٹاسک دیا۔

ابتدا میں انگلش اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن جب انگلینڈ کا مجموعی اسکور 56 تک پہنچا تو زیک کرالی نعمان علی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری وکٹ پر ڈکٹ اور اولی پاپ نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن پاپ محض تین رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جس کے بعد انگلش کھلاڑیوں کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔

اوپنر ڈکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر نعمان علی کا شکار بنے اور وہ 52 رنز بنا سکے جب کہ کپتان بین اسٹوک 12، جو روٹ اور ہیری بروک پانچ، پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ساتویں وکٹ پر وکٹ کییر بلے باز جمی اسمتھ اور ایٹکنسن نے پاکستانی بالرز کے سامنے مزاحمت کی اور دونوں بلے بازوں نے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔

انگلینڈ کا مجموعی اسکور 223 تک پہنچا تو ایٹکنسن 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اسمتھ بھی 89 رنز بنا کر 241 کے مجموعے پر زاہد محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ریحان احمد نو اور جیک لیچ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جب کہ اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 152 رنز سے شکست دی تھی۔

فورم

XS
SM
MD
LG