پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان برطانیہ کی عدالت میں پاکستان کے نجی نیوز چینل 'دنیا' کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت گئی ہیں۔
چینل انتظامیہ نے ریحام خان سے غیر مشروط معافی مانگنے کے علاوہ ہرجانہ اور مقدمے پر خرچ ہونے والی رقم بھی ادا کر دی ہے۔
ریحام خان نے برطانیہ کی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان میں عام انتخابات سے قبل پاکستان کے نجی نیوز چینل 'دنیا ٹی وی' کے ایک پروگرام پر اُن پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے تھے۔
جون 2018 میں دنیا ٹی وی کے پروگرام 'آن دی فرنٹ' میں شریک مہمان اور موجودہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے الزام لگایا تھا کہ ریحام خان نے عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی پر مشتمل کتاب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے کہنے پر لکھی۔
ریحام خان کے بقول، "شیخ رشید نے یہ بھی کہا تھا کہ کتاب لکھنے کے عوض ریحام خان نے شہباز شریف سے بھاری معاوضہ وصول کیا۔"
ریحام خان نے 'دنیا ٹی وی' کے خلاف برطانیہ میں مقدمہ اس لیے کیا کیوں کہ مذکورہ پروگرام برطانیہ میں بھی نشر ہوا تھا۔
ریحام خان کے وکیل الیکس کوکرین نے بتایا کہ ان کی موکلہ یہ مقدمہ جیت گئی ہیں۔ لہذٰا دنیا ٹی وی نے عدالت کے روبرو غیر مشروط معافی مانگنے کے علاوہ ریحام خان کو ہرجانے کی بھاری رقم بھی ادا کر دی ہے۔
وکیل کا کہنا ہے کہ دنیا ٹی وی نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ ریحام خان پر الزامات جھوٹ پر مبنی تھے اور انہوں نے کبھی بھی شہباز شریف یا مسلم لیگ (ن) کے کسی بھی فرد سے کوئی رقم وصول نہیں کی۔
یاد رہے کہ ریحام خان کی خود نوشت پر مبنی کتاب 'ریحام خان' عام انتخابات سے 15 روز قبل 10 جولائی 2018 کو شائع ہوئی تھی۔
ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کے ساتھ شادی کے بعد کے واقعات بیان کیے تھے۔ اس کتاب کے مسودے اور واقعات کو بیان کرنے کے طریقہ کار پر ریحام خان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مقدمہ جیتنے پر ریحام خان نے کہا کہ یہ انصاف اور قانون کی بالادستی کی جیت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ تکلیف دہ امر ہے کہ پاکستان میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے منسلک سیاسی رہنما اور میڈیا کا ایک حلقہ مخالفین پر جھوٹے اور سنگین الزامات لگانے سے گریز نہیں کرتا۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ پر اُمید ہیں کہ ان کی جیت سے پاکستان میں صحافتی اخلاقیات اور ایماندارانہ سیاست کو فروغ ملے گا۔
خیال رہے کہ عمران خان نے جنوری 2015 میں ریحام خان سے شادی کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ تاہم ریحام خان کہتی رہی ہیں کہ یہ شادی اکتوبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے حکومت مخالف دھرنے کے دوران ہوئی تھی۔
اکتوبر 2015 میں عمران خان اور ریحام خان نے طلاق کا اعلان کر دیا تھا۔ عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران ریحام خان سے شادی کو اپنی زندگی کی بڑی غلطیوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔