رسائی کے لنکس

جنوبی وزیرستان: نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی 16 مارچ سے ہو گی


حکام کے بقول آٹھ ہزار افراد کو پہلے مرحلے میں سراروغہ اور سروکئی کے علاقوں میں واپس بھیجا جائے گا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے چھ سال قبل فوجی آپریشن "راہ نجات" کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے گھروں کو واپسی کے عمل کا ایک نیا مرحلہ آئندہ ماہ دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

جنوبی وزیرستان کے اسٹنٹ پولٹیکل ایجنٹ نواب صافی نے وائس امریکہ کو بتایا کہ واپسی کے اس مرحلے کا آغاز 16 مارچ سے ہو گا، لیکن اس سے قبل واپس بھیجے جانے والے خاندانوں کے کوائف کا اندارج کیا جائے گا۔

نواب صافی کے مطابق بے گھر افراد میں سے واپس جانے والے ہر خاندان کو 25 ہزار روپے زراعانت بھی فراہم کیا جائے گا۔

پاکستانی فوج نے 2009ء میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے خلاف راہ نجات کے نام سے بھرپور کارروائی شروع کی تھی جس کی وجہ سے یہاں سے لاکھوں افراد نقل مکانی کر کے ملحقہ ضلع خیبر پختونخواہ منتقل ہو گئے تھے۔

حکام کے بقول آٹھ ہزار افراد کو پہلے مرحلے میں سراروغہ اور سروکئی کے علاقوں میں واپس بھیجا جائے گا۔

جنوبی وزیرستان سے بے گھر ہونے والوں کی واپسی کے لیے تین سال قبل بھی عمل شروع کیا گیا تھا اور حکام کے بقول تقریباً 39 ہزار افراد کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔

پاکستانی فوج نے 2009ء میں سوات اور گرد نواح میں بھی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی تھی جب کہ قبائلی علاقے باجوڑ میں بھی اسی بنا پر لاکھوں افراد نقل مکانی کر کے ملک کے مختلف حصوں میں عارضی قیام پر مجبور ہوئے تھے۔

گزشتہ سال دو اور قبائلی علاقوں خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں شروع کی گئی فوجی کارروائیوں کے باعث بھی لگ بھگ نو لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان بے گھر افراد کی اپنے علاقوں کو واپسی اولین ترجیح ہے لیکن اس سے پہلے ضروری ہے کہ شدت پسندوں سے پاک کروائے جانے والے علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے ساتھ ساتھ وہاں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات مکمل کر لیے جائیں۔

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے خاندانوں کی مرحلہ وار واپسی بھی آئندہ ماہ سے متوقع ہے لیکن اس سلسلے میں کسی طرح کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے 90 فیصد علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے۔

دریں اثناء اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں ہفتہ کو ایک بم دھماکے میں 10 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے لیکن اس بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

XS
SM
MD
LG