رسائی کے لنکس

ایران میں نومبر میں کم از کم ایک سو افراد کو موت کی سزا: حقوق انسانی گروپ


ایران میں موت کی سزاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ Farajollah ، جنہیں مئی 2023 کو موت کی سزا دی گئی ایران کی ایک عدالت میں۔
ایران میں موت کی سزاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ Farajollah ، جنہیں مئی 2023 کو موت کی سزا دی گئی ایران کی ایک عدالت میں۔

حقوق انسانی کے ایک گروپ کی نئی رپورٹ کے مطابق، ایران میں صرف گزشتہ ماہ یعنی نومبر کے دوران کم از کم ایک سو افراد کو پھانسیاں دی گئیں۔

حقوق انسانی کی ھنگاو آرگنائیزیشن نامی تنظیم اس بات پر گہری نظر رکھتی ہے کہ ایران میں ہر ماہ کتنے قیدیوں کو سزائے موت دی جاتی ہے۔ اور اس کی رپورٹ کے مطابق اگر ان اعداد وشمار کا موازنہ ایک ماہ پہلے کے اعداد وشمار سے کیا جائے تو نومبر میں دی جانے والی موت کی سزاؤں میں پچاس فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

ہفتے کے روز جاری ہونے والی اپنی ایک رپورٹ میں ھنگاو نے نومبر کے دوران ایران میں دی جانے والی موت کی سزاؤں میں 56.5 فیصد اضافے کا انکشاف کیا ہے۔ جس کے مطابق ایک سو بائیس افراد کو موت کی سزائیں دی گئیں جب کہ اکتوبر میں یہ تعداد اٹھتّر تھی۔

ھنگاو کی رپورٹ کے مطابق جن لوگوں کو گزشتہ ماہ ایران میں موت کی سزا دی گئی ان میں سے تقریبأ نصف وہ تھے جن کو منشیات سے متعلق جرائم کے الزامات کا سامنا تھا۔

حقوق انسانی کے گروپ کا کہنا ہے کہ سب ہی پر منشیات سے متعلق الزامات نہیں تھے۔ اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن کو نومبر میں موت کی سزا دی گئی ان میں سے گیارہ سیاسی اور مذہبی قیدی تھے۔ جب کہ دو نا بالغ نوجوان اور دو عورتیں بھی شامل تھیں۔

ایران میں موت کی سزاؤں میں اضافے پر حقوق انسانی کی تنظیموں، اقوام متحدہ اور متعدد ممالک کی جانب سے نکتہ چینی کی گئی ہے۔

جمعے کے روز یوروپی یونین نے ایک بیان میں ایران میں موت کی سزائیں دینے کے اس سلسلے کو خوفناک قرار دیا اور اس سال کے آغاز سے اب تک کے کم از کم، چھے سو کیسز کا حوالہ دیا۔ اور ان ظالمانہ اور غیر انسانی سزاؤں کے سلسلے کو ختم کرنے پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کے دفتر کی ترجمان لز تھروسل نے ایرانی حکومت سے کہا تھا کہ وہ پر امن جلسوں اور اجتماعات میں شریک سیاسی کارکنوں اور احتجاجیوں کے خلاف تعزیری اقدامات سے باز رہے۔

ادھر ناروے میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم ایران ہیومن رائیٹس کے ڈائیریکٹر محمود امیری مقدم نے حال ہی میں عالمی برادری خاص طور سے یوروپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ کے ہاتھوں تین سے زیادہ لوگوں کو روزانہ سزائے موت دئیے جانے کی بڑھتی ہوئی شرح پر اپنی خاموشی توڑیں۔

وی اے او نیوز۔

فورم

XS
SM
MD
LG