دیوہیکل ڈائنو سارز پر بنائی گئی جراسک سیزیز کی فلمیں اب بھی شائقین کے لئے دلچسپی کا باعث ہیں اور اسی دلچسپی نے ڈائنو سارز پر بنی نئی فلم ’جراسک ورلڈ‘ کو بنا دیا سینما کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تیسری بڑی فلم۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے، اے ایف پی نے رپورٹ دی ہے کہ’جراسک ورلڈ‘ باکس آفس پر 2 1.52 ارب ڈالرز کا بزنس کرکے ’ٹائٹینک‘ اور ’اوتار‘ کے بعد تیسری بڑی فلم بن گئی۔’ٹائٹینک‘ نے 2.18 ارب ڈالر اور ’اوتار‘ نے2.79 بلین ڈالرز کمائے تھے۔
امریکی باکس آفس پر ’جراسک ورلڈ‘ کے کلیکشنز 614.3 ارب ڈالر رہے۔ 600 ارب ڈالر سے زیادہ کما کر ’جراسک ورلڈ‘ نارتھ امریکی سینما کی تاریخ میں چوتھی بڑی فلم بن گئی۔گلوبل باکس آفس پر فلم کی مجموعی کمائی 907.3 ارب ڈالر رہی۔
’جراسک پارک‘ بنانے والے یونیورسل اسٹوڈیوز کی رواں سال میں یہ دوسری فلم ہے جس نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹاپ فائیو فلموں کی لسٹ میں جگہ حاصل کی ہے۔
اس سے قبل فیورس 7 نے گلوبل باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا تھا۔سال 2015 سے پہلے یونیورسل اسٹوڈیوز کی کوئی بھی فلم ورلڈ باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا بزنس نہیں کرسکی تھی۔
’جراسک ورلڈ‘، ’جراسک پارک‘ سیریز کی چوتھی فلم ہے۔ اسے ڈائریکٹ کیا ہے کولن ٹریور رو نے، جبکہ کاسٹ میں شامل ہیں کرس پریٹ،برائس ڈیلس ہاورڈ اور بھارتی اداکار عرفان خان۔