سعودی عرب میں حکام نے حالیہ دنوں میں نو امریکی شہریوں سمیت 33 افراد کو "دہشت گردی" کے شبہے میں گرفتار کیا ہے۔
یہ بات ’سعودی گزٹ‘ اخبار نے نام ظاہر کیے بغیر ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے جس کے مطابق چار امریکیوں کو گزشتہ پیر اور پانچ کو گزشتہ چار روز کے دوران گرفتار کیا گیا۔
گرفتار کیے گئے دیگر افراد میں 14 سعودی، تین یمنی، دو شامی اور انڈونیشیا، فلپائن، متحدہ عرب امارات، قازقستان اور فلسطین کا ایک، ایک شہری شامل ہے۔
اخبار میں یہ نہیں بتایا کہ آیا ان مشتبہ افراد کا شدت پسند گروپ داعش سے کوئی تعلق ہے یا نہیں جس نے حالیہ مہینوں میں سعودی عرب میں سکیورٹی فورسز اور شیعہ مسلمانوں پر متعدد ہلاکت خیز حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
گزشتہ جمعے کو بھی سعودی عرب کے مشرقی حصے میں شیعہ مسلک کی ایک مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں کم ازکم چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
شیعہ برادری کے خلاف موقف رکھنے والے سنی انتہا پسند گروپ داعش نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔
سعودی گزٹ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں داعش سے مبینہ طور پر منسلک لگ بھگ 532 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔