سٹاک ہوم کے کیرولینسکا انسٹی ٹیوٹ سے منسلک سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ورزش سے نہ صرف صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں، بلکہ اس سے انسان کا ڈی این اے بھی بدلا جا سکتا ہے۔
اس سے پہلے ماضی میں کئی تحقیقوں میں یہ امر سامنے آیا تھا کہ مختلف ڈائیٹس اور کیمیکلز کی وجہ سے ہمارے جسم میں موجود جینز ہمارے جسم کو جو بائیو کیمیکل سگنلز بھیجتے اور وصول کرتے ہیں، ان میں فرق پڑسکتا ہے۔ لیکن، اس سے پہلے، اس عمل کا تعلق ورزش کرنے سے نہیں جوڑا گیا تھا۔
سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے اس تحقیق کے لیے ورزش کرنے والے 23 نوجوان اور صحتمند مرد و خواتین سے ڈیٹا اکٹھا کیا۔
ان تمام افراد نے لگاتار تین ماہ تک ورزش کی۔ تین ماہ کے بعد، ان افراد سے اکٹھے کیے گئے ڈی این اے کا جائزہ لیا گیا تو اس میں تبدیلی نوٹ کی گئی۔
سائنسدانوں نے نوٹ کیا کہ انسانی جسم میں ورزش کی وجہ سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کا بہت حد تک توانائی اور انسولین سے متعلق جینز سے براہ ِراست تعلق ظاہر ہوا۔
سائنسدانوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ روزانہ ورزش سے نہ صرف صحت بہتر ہوتی ہے، بلکہ انسان کے جینز میں بھی بہتری آتی ہے۔