رسائی کے لنکس

پاکستان ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے: ریکس ٹلرسن


امریکی سیکٹری آف سٹیٹ ریکس ٹیلرسن اور پاکستانی وزیرِ خارجہ خواجہ آصف
امریکی سیکٹری آف سٹیٹ ریکس ٹیلرسن اور پاکستانی وزیرِ خارجہ خواجہ آصف

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مشترکہ پارٹنرشپ جنوبی ایشیا کے طویل مدتی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف سے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ملاقات کے بعد اپنی بریفنگ کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوۓ کہی۔

وی او اے کی جانب سے کیے گیے سوال کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں اسلام آباد کے ساتھ امریکی شراکت داری پر اعتماد ہے اور یہ کہ یہ شراکت داری محض افغانستان کے حوالے سے نہیں بلکہ اس کا تعلق پاکستان کے طویل مدتی استحکام سے ہے۔

ریکس ٹلرسن کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے حکومتی معاملات میں استحکام دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جن مسائل سے پاکستان اندرونی طور پر نمٹ رہا ہے وہ امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مسائل ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات میں بہتری کے لیے ہر سطح پر کام کرے گا چاہے وہ وزارت خارجہ ہو یا وزارت دفاع یا پھر انٹیلیجنس کے معاملات۔ ساتھ ہی ساتھ سیکرٹری ٹلرسن نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا بھی ذکر کیا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو جنوبی ایشیا میں علاقائی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

یہ پہلی بار ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان پالیسی کے اعلان کے بعد امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے اعلی سطح پر رابطہ ہوا ہے۔

یاد رہے صدر ٹرمپ نے افغان پالیسی کے تناظر میں پاکستان کے کردار پر سخت تنقید کی تھی اور اسلام آباد پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوۓ پاکستان کو تنبیہ کی تھی۔

ریکس ٹیلرسن نے میڈیا میں آنے والی ان خبروں کی بھی تردید کی جن میں کہا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ سے اختلافات کے باعث وہ جلد ہی اپنے عہدے سے استعفی دینے والے ہیں۔

پاکستان ایک قابلِ اعتماد پارٹنر ہے: ریکس ٹیلرسن
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:00 0:00

XS
SM
MD
LG