رسائی کے لنکس

دنیا کے دس امیر ترین لوگوں میں دو بھارتی بھی شامل


مکیش امبانی
مکیش امبانی

بھارتی صنعت کار، مکیش امبانی اور لکشمی مِتل دنیا کے دس امیر ترین لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

رِلائنس گروپ کے چیرمین مکیش امبانی ، فوربس میگزین کی جاری کردہ 2010ء کے ارب پتیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، جب کہ سٹیل کے بادشاہ مِتل پانچویں نمبر پر ہیں۔

بدھ کے دِن فوربس جریدے نے دنیا کے ارب پتیوں کی جو فہرست جاری کی ہے اُس میں پہلے 50ارب پتیوں میں مکیش امبانی اور لکشمی مِتل کے علاوہ چار دیگر ہندوستانی صنعت کاروں کے نام بھی شامل ہیں۔

فوربس کے مطابق، اِس وقت دنیا میں ارب پتیوں کی تعداد تقریباً 1000ہے، جِن میں 49ہندوستانی ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ ایک سال میں بھارت میں ارب پتیوں کی تعداد دوگنی ہوگئی ہے۔

مکیش امبانی کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 29ارب ڈالر ہے، جب کہ مِتل اُن سے ذرہ پیچھے ہیں۔ اُن کی دولت کی مالیت 28ارب 70کروڑ ڈالر ہے۔

مکیش امبانی کے چھوٹے بھائی، انیل امبانی فوربس دنیا کے امیر ترین لوگوں کی فہرست میں چھتیسویں نمبر پر ہیں۔ اُن کے اثاثوں کی مالیت 13ارب 17کروڑ ڈالر ہے۔

وِپرو نام کی سافٹ ویئر کمپنی کے مالک، عظیم پریم جی کا نام دنیا کے امیر ترین لوگوں کی فہرست میں اٹھائیسویں نمبر پر ہے اور وہ 17ارب ڈالر کی ملکیت کے مالک ہیں۔

فوربس کی تازہ فہرست کے مطابق، میکسیکو کے کارلوس سِلم دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ اِس سے قبل، یہ اعزاز امریکہ کے بِل گیٹس کو حاصل تھا۔

XS
SM
MD
LG