رسائی کے لنکس

آؤٹ ہونے پر برہمی، رکی پونٹنگ نے ٹی وی توڑ ڈالا


آسٹریلوی کھلاڑی رکی پونٹنگ
آسٹریلوی کھلاڑی رکی پونٹنگ

زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے میچ میں جلد آؤٹ ہونے پر آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے تاؤ میں آکر ڈریسنگ روم میں نصب ٹی وی سیٹ توڑ ڈالا۔

مذکورہ واقعہ پیر کے روز بھارت کے شہر احمد آباد میں آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے عالمی کپ 2011ء ،گروپ "اے" کے میچ کے دوران پیش آیا۔

احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کی پہلی اننگز میں آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ28 کے اسکور پر دوسرا رن لینے کی کوشش کرتے ہوئے کرس مپوفو کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے تھے۔

آؤٹ ہونے کے بعد پویلین کی جانب جاتے ہوئے پونٹنگ خاصے غصے میں اور زیرِ لب کچھ بڑبڑاتے نظر آئے۔

میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق ڈریسنگ روم پہنچنے کے بعد پونٹنگ نے جب اپنے آؤٹ ہونے کے مناظر ٹی وی پر ری پلے ہوتے دیکھے تو وہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور بلا مار کر ڈریسنگ روم میں نصب ایل سی ڈی ٹی وی توڑ ڈالا۔

اسٹیڈیم کے منتظم اور گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری راجیش پٹیل نے منگل کے روز برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

پٹیل نے بتایا کہ ان کی ایسوسی ایشن کی جانب سے مذکورہ واقعہ کی اطلاع 'انٹرنیشنل کرکٹ کونسل' اور 'کرکٹ آسٹریلیا ' کو دے دی گئی ہے۔ تاہم ان کے بقول واقعہ کی نوعیت "معمولی" ہے جس پر کسی قسم کی تادیبی کاروائی کا امکان نہیں۔

حیرت انگیز طور پر آسٹریلوی ٹیم کے میڈیا منیجر لیچی پیٹرسن نے ایسے کسی واقعہ سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا زمبابوے کے خلاف یہ میچ 91 رنز سے جیت گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG