امریکہ کے مایہ ناز تیراک مائیکل فیلپس نے اپنا 23 اولمپک اور ریو اولمپک میں پانچواں طلائی تمغہ حاصل کیا اور ممکنہ طور پر یہ ان کے اولمپک کریئر کے آخری اعزاز ہو سکتے ہیں۔
ہفتہ کو مردوں کی 100 ضرب چار میٹر تیراکی کے مقابلے میں انھوں نے تازہ تازین طلائی تمغہ جیتا۔
فیلپس ان مقابلوں سے قبل یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ریو اولمپکس کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
دوسری طرح خواتین کے ایسے ہی تیراکی کے مقابلے میں بھی امریکہ کی تیراک نے سونے کا تمغہ جیت کر گرمائی اولمپکس کی تاریخ میں اپنے ملک کے لیے طلائی تمغوں کی ایک ہزار کی گنتی مکمل کر دی۔
ایتھلیٹکس کے ایونٹس میں امریکہ کے جیف ہنڈرسن نے لانگ جمپ کے مقابلوں میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے اپنے حریف سے صرف ایک سینٹی میٹر سے برتری حاصل کی۔
ویٹ لفٹنگ کے 94 کلوگرام کے مقابلوں میں طلائی تمغہ ایران کے سہراب مرادی کے حصے میں آیا۔
ٹینس میں پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والی مونیکا پوئگ نے خواتین سنگلز مقابلوں میں جرمنی کی انجلیک کربر کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔
یہ نتیجہ اس لحاظ سے اپ سیٹ شمار ہو رہا ہے کیونکہ پوئگ عالمی درجہ بندی میں بہت نیچے ہیں جب کہ کربر نے رواں سال آسٹریلوی اوپن جیتا تھا جب کہ ومبلڈن میں وہ فائنل تک پہنچ کر ناکام ہوئی تھیں۔