رسائی کے لنکس

ریو اولمپکس: تمغوں کی فہرست میں امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے نمبر پر


امریکہ نے ریو اولمپک میڈلز ٹیبل پر 37طلائی تمغوں کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی اور برطانیہ نے 24 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ چین 22 طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں سجنے والا کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ ریو اولمپکس اب اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ جہاں دنیا کے 200 ممالک کے تقریبا 11000 کھلاڑی کھیلوں کے مقابلے میں شریک ہوئے اور اب ان میں سے کوئی اولمپک فاتح اور کوئی اپنی ہار کے ساتھ واپس وطن لوٹے گا۔

اتوار کو ریو اولمپکس کی اختتامی تقریب تاریخی ماریکانا اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی تاہم ریو اولمپکس کے تیرہویں دن کے اختتام پر جہاں ریو اولمپک کے میڈلز ٹیبل پر امریکہ بدستور سر فہرست ہے وہیں برطانیہ نے اپنے مزید دو طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

ریو اولمپک میڈلز ٹیبل پر امریکہ نے 37 طلائی تمغوں کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی ہے اور برطانیہ نے 24 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے جب کہ چین 22 طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

جیسیکا اینس
جیسیکا اینس

امریکی ٹیم نے ریو اولمپکس میں مجموعی طور پر 103 اولمپک میڈلز کے ساتھ سبقت حاصل کی ہے اور اولمپک گیمز میں ایک ہزار طلائی تمغے جیتنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

لندن اولمپکس میں چین نے سوئمنگ ، جمناسٹک اور فینسنگ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر گیارہ تمغے جیتے تھے جب کہ ریو اولمپکس میں ان مقابلوں میں اس نے صرف ایک تمغہ جیتا ہے جبکہ چینی کھلاڑیوں نے 2004 اور 2012 کے لندن اولمپک میڈل ٹیبل پر دوسری پوزیشن اور بیجنگ اولمپکس میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

برطانیہ کی ٹیم نے مجموعی طور پر 58 اولمپک میڈلز جیت لیے ہیں جبکہ چین نے مجموعی طور پر 65 تمغے حاصل کر لیے ہیں تاہم ریو اولمپکس کے سرکاری نتائج کے مطابق اولمپک میڈل رینکنگ میں برطانیہ اپنے 24 طلائی تمغوں کے ساتھ آگے جبکہ چین پیچھے ہے۔

ایتھلیٹ مو فرح
ایتھلیٹ مو فرح

لندن اولمپکس 2012 میں اولمپک تمغوں کا اعلی ترین ریکارڈ قائم کرنے والی برطانیہ کی ٹیم نے ریو اولمپکس میں توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور جمعے کی شب ریو میڈلز ٹیبل پر اپنے مزید دو طلائی تمغوں کے ساتھ چین کو ایک مرتبہ پھر پیچھے دھکیل دیا ہے۔

جمعے کی شب برطانیہ کی ویمنز ہاکی ٹیم نے ہالینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی مرتبہ اولمپکس میں تاریخی فتح حاصل کی ہے جبکہ ٹیم برطانیہ کے سب سے معمر کھلاڑی 58 سالہ گھڑ سوار نک اسکیلٹن نےگھڑ سوای کے انڈیجویل شو جمپنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔

گھڑ سوار نک اسکلیٹن
گھڑ سوار نک اسکلیٹن

اگرچہ برطانوی ٹیم کی طرف سے ریو اولمپکس میں 48 اولمپک تمغوں کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن اب جبکہ ریو اولمپک کے اختتام میں ابھی دو دن باقی ہیں برطانیہ نے مجموعی طور پر 58اولمپک میڈلز جیت لیے ہیں جن میں چاندی کے تمغوں کی تعداد 21 اور کانسی کے تمغوں کی تعداد 13 ہے۔

برطانوی ٹیم نے بیجنگ اولمپکس میں مجموعی طور پر 48 اولمپک میڈلز حاصل کئے تھے جبکہ لندن اولمپکس میں 65 طلائی تمغوں کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

نامور برطانوی ایتھلیٹ مو فرح طلائی تمغہ جبکہ ہیپا تھلون ایتھلیٹ اور لندن اولمپک چیمپیئن جیسکا اینس چاندی کا تمغہ جیت کر وطن واپس لوٹیں گی۔

XS
SM
MD
LG