پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک سال کے دوران ایک ہزار رنز بنانے والے واحد بلے باز بن گئے ہیں۔
محمد رضوان نے یہ کارنامہ جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میچ میں انجام دیا۔
محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تیسری نصف سینچری بنائی اور آسٹریلیا کے خلاف 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
محمد رضوان نے 2021 میں 23 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور انہوں نے 20 اننگز میں 92 اعشاریہ پانچ چار کی اوسط سے ایک ہزار 18 رنز بنائے۔
وکٹ کیپر بلے باز نے 20 میچز میں ایک سینچری اور 10 نصف سینچریاں بھی بنائیں۔
ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم 826 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم 23 میچز کی 20 اننگز میں ایک سینچری اور آٹھ نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 130 اعشاریہ دو آٹھ ہے۔
اس فہرست میں انگلینڈ کے جوس بٹلر 589 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جو رواں برس 14 میچز کھیل چکے ہیں اور انہوں نے اپنی 14 اننگز میں ایک سینچری اور پانچ نصف سینچریاں بھی بنائیں۔
رواں برس سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے ایڈم مارکرم چوتھے نمبر پر ہیں۔ وہ اس سال 18 میچز کی 16 اننگز میں 570 رنز بنا چکے ہیں۔
بنگلہ دیش کے محمد نعیم 2021 میں 525 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 14 میچز کھیلے اور پانچ نصف سینچریاں بھی بنائیں۔