افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں اتوار کو دوبسوں اور ایک آئل ٹینکر کے مابین تصادم کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک ہوگئے۔
صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان جاوید سالانگی کے مطابق دونوں بسوں پر مجموعی طور پر 125 مسافر سوار تھے اور تصادم کے بعد تینوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ دارالحکومت کابل اور جنوبی شہر قندہار کو ملانے والے مرکزی شاہراہ پر پیش آیا۔
ایک صوبائی عہدیدار محمد اللہ احمدی کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ غیر محتاط ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں سے مسافروں کا باہر نکالنے میں امدادی کارکنوں کی مدد کی۔
حادثے کے باعث یہ شاہراہ کئی گھنٹوں تک ٹریفک کے لیے بند رہی اور دوپہر کے قریب اس پر ٹریفک کو بحال کیا گیا۔
افغانستان میں ٹریفک حادثات ایک معمول کی بات ہے جس کی وجہ خراب سڑکیں اور ٹریفک کے قوانین کی پابندی نا کرنے کو قرار دیا جاتا ہے۔