رسائی کے لنکس

روس: طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 44 افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

روس میں حکام نے کہا ہے کہ شمالی ریاست کریلیا (Karelia) میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 44 افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔

طیارہ پیر کی شب ماسکو سے تقریباً 650 کلومیٹر شمال مغرب میں پیٹروزاوڈسک (Petrozavodsk) ہوائی اڈے پر اُترنے کی کوشش کر رہا تھا جب یہ ایک قریبی شاہراہ پر گر گیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔

زندہ بچ جانے والے افراد کو پیٹرو زاوڈسک کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

روسی ذرائع ابلاغ نے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثے کی ایک وجہ خراب موسم ہو سکتی ہے لیکن اس واقعہ میں انسانی کوتاہی کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

سرکاری خبررساں ایجنسی آر آئی اے نوسٹی نے کریلیا کی وزیر صحت ویلنٹینا یولچ کے حوالے سے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سویڈن کا ایک باشندہ شامل ہے۔

ایجنسی کے مطابق امدادی کارکنوں کو طیارے کے دونوں فلائٹ ریکارڈرز مل گئے ہیں۔

طیارہ ماسکو کے ڈوموڈی ڈوو ہوائی اڈے سے پیٹروزاوسکی جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔

XS
SM
MD
LG