روس کا یوکرین پر حملہ
روس کی افواج نے جمعرات کو یوکرین پر حملہ کرتے ہوئے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں کو نشانہ بنایا ہے۔روسی حملے کے بعد یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے ملک میں مارشل نافذ کر دیا ہے۔
صدر پوٹن نے جمعرات کو مقامی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں یوکرین میں ملٹری آپریشن کا اعلان کیا اور دیگر ملکوں کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے اس معاملے میں مداخلت کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
صدر پوٹن نے یوکرین کے علاقے ڈونباس پر فوج کی چڑھائی کا اعلان کیا۔ اسی اثنا میں دارالحکومت کیف, خرکیف اور اڈیسہ میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
روسی صدر نے یوکرین کی فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنے ہتھیار پھینک دے اور گھروں کو واپس لوٹ جائے۔ ان کے بقول روس یوکرین پر قبضہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن مشرقی یوکرین میں سویلین آبادی کے تحفظ کے لیے یہ حملہ ضروری تھا۔
پوٹن ےالزام عائد کیا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ماسکو کی جانب سے پیش کردہ سیکیورٹی یقین دہانی اور یوکرین کو نیٹو اتحاد سے دور رکھنے کے روسی مطالبے کو نظر انداز کر رہے تھے۔
یوکرین تنازع: روس پر کس ملک نے کیا پابندیاں عائد کی ہیں؟
روس کی جانب سے مشرقی یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں میں فوج داخل کرنے کے احکامات کے بعد امریکہ اور یورپی یونین سمیت دیگر ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ مغربی ممالک نے کسی جارحیت کی صورت میں ماسکو کو مزید سخت اقدامات کرنے کا انتباہ بھی کیا ہے۔
امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور جاپان نے اپنی پابندیوں میں بینکوں اور روس کے امیر ترین افراد کو ہدف بنانے کا اعلان کیا ہے۔ جب کہ جرمنی نے روس کے ساتھ ایک بڑی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام روک دیا ہے۔
یوکرین اور روس کے درمیان جاری حالیہ تنازع کو گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران یورپ میں سلامتی کا سنگین ترین بحران قرار دیا جارہا ہے۔
روس یوکرین کو تاریخی اعتبار سے اپنی سرزمین کا حصہ تصور کرتا ہے۔ یوکرین کے مغربی ممالک کے اتحاد نیٹو سے بڑھتے ہوئے تعلقات کے رد عمل میں صدر ولادیمیر پوٹن نے، گزشتہ برس امریکہ کے تخمینے کے مطابق، یوکرین کی سرحد پر ڈیڑھ لاکھ اہل کار تعینات کردیے تھے۔
روس نے منگل کو ان اہل کاروں کو یوکرین کے علاقوں ڈونیٹسک اور لوہانسک میں داخل ہونے کے احکامات جاری کیے اور اس کی وجہ 'قیامِ امن' بتایا ہے۔امریکہ نے اس جواز کو 'احمقانہ' قرار دیتے ہوئے اسے یوکرین پر حملے کا آغاز قرار دیا ہے۔
مشرقی یوکرین سے متعلق روسی فیصلہ چین کی مشکلات بڑھا سکتا ہے
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرقی یوکرین کے دو علیحدگی پسند علاقوں ڈونیسک اور لوہانسک کو آزاد ریاستوں کے طور پر تسلیم کرنے اور وہاں اپنی فوجیں بھیجنے کے روسی فیصلے نے چین کے لیے ایک مشکل صورت حال پیدا کر دی ہے جسے ماسکو کا زیادہ قریبی اتحادی سمجھا جاتا ہے۔
لیکن اب اگر اسے روس کی جانب سے بین الاقوامی سرحدوں کو تبدیل کرنے کے یک طرفہ فیصلے کے حامی کی حیثیت سے دیکھا گیا تو اسے بھی اس کے نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔
روسی صدر ولادی میر پوٹن کی حکومت نے پیر کے روز ان دونوں خطوں کو آزاد ریاستوں کے طور پر تسلیم کرنے کے بعد، ان متنازع میں علاقوں میں فوج بھیجنے کا حکم دیا، جسے روس “امن فوج” کہتا ہے۔ یہ اقدامات صدر پوٹن کی ایک پرجوش تقریر کے بعد کیے گئے جس میں انہوں نے یوکرین کی ریاستی حیثیت پر سوالات بھی اٹھائے، جس سے ان شبہات کو مزید تقویت ملی کہ وہ یوکرین پر ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
یہ صورت حال چینی راہنما شی جن پنگ کے لیے مشکل اور پیچیدہ ہے، جنہوں نے اس ماہ کے اوائل میں پوٹن سے ایک ملاقات کے بعد روس کے ساتھ ایک لا محدود پارٹنر شپ کا اعلان کیا تھا۔ دونوں راہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات اس بات کا تازہ ترین ثبوت تھا کہ روس اور چین ایک ایسے ماحول میں زیادہ قریب آ گئے ہیں جب کہ وہ دونوں امریکہ کے عالمی اثر و رسوخ کو گھٹانے کی کوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لیکن یوکرین کا مسئلہ اب انہیں اس آزمائش میں ڈال رہا ہے کہ یہ بڑھی ہوئی پارٹنر شپ کتنی دور جاسکتی ہے۔
یوکرین میں کارروائیاں 'حملے کا آغاز' ہیں، بائیڈن کا روس پر پابندیوں کا اعلان
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے یوکرین میں روس کی کارروائیوں کو 'حملے کا آغاز' قرار دیتے ہوئے روس کے بینکوں اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف سخت مالی پابندیوں کا حکم دے دیا ہے۔
امریکہ کے اس فیصلے کے بعد روس اور مغرب کے درمیان مخاصمت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جب کہ روس کےاراکینِ پارلیمان نے بھی صدر ولاد یمیر پوٹن کو اختیار دیا ہے کہ وہ اپنے ملک سے باہر فوجی طاقت کا استعمال کر سکتے ہیں۔
وائٹ ہاوس سے ایک بیان میں صدر جو بائیڈن نے صدر پوٹن کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کا آغاز ہو چکا ہے۔
بائیڈن نے وعدہ کیا کہ اگر پوٹن مزید آگے بڑھتے ہیں تو مزید سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔امریکہ کے صدر نے یہ اقدام یورپی یونین کے 27 رہنماؤں کی تائید کے ساتھ اٹھایا جنہوں نے منگل کے روز روس کے عہدیداروں کو یوکرین سے متعلق اقدامات پر ہدف بنانے والی ابتدائی پابندیوں پر اتفاق کیا تھا۔