روسی صدر دمتری میدویدیف نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک نئے قانون کا مطالبہ کیا ہے۔
پیر کے روز ماسکو کے زیرِ زمین ریل میں دہرے خود کش بم دھماکے میں 39 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
ٹیلی ویژن پر نشر کی جانے والی تقریر میں روسی صدر نے پبلک ٹرانسپورٹ اور دوسرے عوامی مقامات پر سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔
اس دوران ماتم کنندگان نے حملے کا نشانہ بننے والے دو زیرِ زمین ریلوے سٹیشنوں پر پھول چڑھائے، موم بتیاں روشن کیں اور مرنے والوں کی تصاویر رکھیں۔ روسی دارالحکومت میں منگل کے روز قومی پرچم سرنگوں ہے اور ٹیلی ویژن سٹشنوں نے تفریحی پروگرام منسوخ کر دیے ہیں۔
صبح کے مصروف وقت میں یہ حملہ دو خود کش خواتین حملہ آوروں نے کیا تھا۔
روسی صدر دمتری میدویدیف نے پیر کے روز لوبیانا کا دورہ کیا، اور اس پلیٹ فارم پر پھول رکھے جہاں دھماکا ہوا تھا۔
وزیرِ اعظم ولادی میر پوتن سائبیریا کا دورہ مختصر کر کے ماسکو واپس آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
اب تک کسی نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے، لیکن روسی حکام نے شمالی کاکیشیا کے مسلمان عسکریت پسندوں پر الزام عائد کیا ہے