رسائی کے لنکس

شام میں اسپتالوں پر بمباری نہیں کی، روس کی تردید


پیر کو بمباری کا نشانہ بننے والے ایک اسپتال کے ملبے سے نکلنے والی ایک لاش کو امدادی اہلکار لے جارہے ہیں
پیر کو بمباری کا نشانہ بننے والے ایک اسپتال کے ملبے سے نکلنے والی ایک لاش کو امدادی اہلکار لے جارہے ہیں

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں کوئی بیان دینے کی مجاز صرف شامی حکومت ہے کہ حملوں میں کون ملوث تھا۔

روس نے ان الزامات کی تردید کی ہے شام کے شمالی علاقوں میں پیر کو تین اسپتالوں پر کی جانے والی بمباری میں اس کے جنگی طیارے ملوث تھے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق پیر کو حلب اور ادلب میں تین اسپتالوں اور دو اسکولوں پر ہونے والی بمباری میں کئی بچوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شام میں تشدد کی صورتِ حال پر نظر رکھنے والی برطانوی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ پیر کو بمباری کا نشانہ بننے والے تین اسپتالوں اور دو اسکولوں پر حملے روسی طیاروں کی کارروائی تھے۔

تاہم منگل کو روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں کوئی بیان دینے کی مجاز صرف شامی حکومت ہے کہ حملوں میں کون ملوث تھا۔

اقوامِ متحدہ، امریکہ اور یورپی یونین نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

پیر کو ہونے والے حملوں میں صوبہ ادلب کے علاقے مراۃ النعمان میں واقع 30 بستروں کے ایک اسپتال بھی تباہ ہوا تھا جو بین الاقوامی امدادی تنظیم 'ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز' کے زیرِ انتظام تھا۔

امدادی تنظیم کے مطابق بمباری کے نتیجے میں اسپتال کے عملے کے ارکان اور وہاں زیرِ علاج مریضوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔تنظیم کے ذمہ داران نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ اسپتال پر بمباری میں روسی طیارے ملوث ہوسکتے ہیں۔

پیر کو ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع قصبے اعزاز میں بچوں کے ایک اسپتال پر بھی میزائل اور راکٹ حملے ہوئے تھے جس میں کم از کم 10 افراد مارے گئے تھے۔

شامی باغیوں اور حزبِ اختلاف کے کارکنوں کے مطابق مرا ۃ النعمان کے ایک اور اسپتال اور عریم الکبریٰ کے علاقے میں واقع ایک طبی مرکز بھی پیر کو فضائی حملوں کا نشانہ بنا تھا جس کا الزام باغیوں نے شامی حکومت اور اس کے اتحادیوں پر عائد کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG