رسائی کے لنکس

یوکرین پر مذاکرات میں ’شمالی علاقوں کو شامل کیا جائے‘


سرگئی لاوروف
سرگئی لاوروف

ادھر نیٹو نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین میں مزید مداخلت سے روس ’تاریخی غلطی‘ کا مرتکب ہوگا۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ یوکرین کے جنوب مشرقی علاقوں کو ملک کے مستقبل کے لیے ہونے والی بات چیت میں شامل کیا جانا چاہیئے۔

منگل کو ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ روس چاہتا ہے کہ روسی زبان بولنے والے اکثریتی علاقے بھی ان مذاکرات میں شریک ہوں۔

ادھر پیرس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندرس راسموسن نے روس کو خبردار کرتےہوئے کہا کہ یوکرین میں مزید مداخلت ’’تاریخی غلطی‘‘ ہو گی اور اس سے روس بین الاقوامی سطح پر مزید تنہا ہو جائے گا۔

منگل ہی کو روس کی وزارت خارجہ نے یوکرین کو جنوب مشرقی علاقے میں ’فوجی تیاریاں‘ ختم کرنے کا انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ بصورت دیگر حالات خانہ جنگی کی صورت اختیار کرسکتے ہیں۔

یوکرین کے وزیر داخلہ ارسین اواکوف کا کہنا تھا کہ روسی زبان بولنے والوں کی طرف سے سرکاری عمارتوں پر قبضے کرنے والوں میں سے 70 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

روس کے حامی مظاہرین نے اتوار کو یوکرین کے تین شہروں سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ یہاں بھی کرائمیا کی طرح یوکرین سے علیحدگی پر ریفرنڈم کروایا جائے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض مظاہرین روسی بولنے والے مقامی افراد نہیں تھے انھیں مشکلات پیدا کرنے کے لیے اجرت پر کہیں اور سے لایا گیا۔

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو فون کیا اور کہا کہ روس ان کے بقول علیحدگی پسندوں اور بدامنی پھیلانے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کرے۔
XS
SM
MD
LG