رسائی کے لنکس

ساون نے ایک اور بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا


’ساون‘ کو آسکر ایوارڈز کی غیرملکی زبان کی فلم کیٹگری میں بھی پاکستان کی نمائندگی کے لئے چنا گیا ہے

پولیو کے شکار بچے کی زندگی اور جدوجہد پر بنی پاکستانی فلم ’ساون‘ بین الاقوامی فلمی میلوں میں اب تک 6 اعزاز اپنے نام کرچکی ہے۔

تازہ ترین خبریہ ہے کہ ’ساون‘ نے ’الیگزینڈریا فلم ایوارڈز‘ میں ایک اور ایوارڈ جیت لیا۔

فلم ’ساون‘ کے ڈائریکٹر فرحان عالم نے فیس بک پر ایوارڈ جیتنے کی خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی ریاست ورجینیا میں منعقد ہوئے گیارہویں الیگزینڈریا فلم ایوارڈز میں ساون کو بہترین غیر ملکی فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

چار روزہ الیگزینڈریا فلم ایوارڈز میں آسٹریا، آسٹریلیا، سائپرس، فن لینڈ، فرانس، ناروے اور برطانیہ کی فلمیں شامل تھیں۔

’ساون‘ کو آسکر ایوارڈز کی غیر ملکی زبان کی فلم کیٹگری میں بھی پاکستان کی نمائندگی کے لئے چنا گیا ہے لیکن ساون آسکر جیتنے کی ریس میں شامل ہو سکے گی یا نہیں یہ 23 جنوری کو پتا چلے گا جب منتظمین آسکرایواڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کریں گے۔

’ساون‘ اس سے پہلے ’میڈرڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹول 2017‘ میں غیرملکی زبان کی بہترین فیچر فلم اور اٹلی کے ’سالینتو انٹرنیشنل فلم فیسٹول ‘میں بہترین فلم اور بہترین ساؤنڈ ٹریک کے ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہے۔

’ساون‘ کو پروڈیوس کیا ہے مشہود قادری نے جبکہ کاسٹ میں سلیم معراج، سید کرم حسین، عارف بہالم، نجیبہ فیض اور عمران اسلم شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG