رسائی کے لنکس

پیپلز پارٹی کا چیئرمین سینیٹ کے لئےصادق سنجرانی کی حمایت کا اعلان


پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان اتوار کی رات پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔

اعلان کے مطابق صادق سنجرانی سینیٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی ہوں گے ۔

بلاول بھٹو نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے امیدوار چیئرمین شپ کے لئے مسلم لیگ نون کےامیدواروں سے مقابلہ کریں گے ۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ رضا ربانی پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں تاہم ان کے لئے 2018 کے الیکشن میں دوسرا پلان ہے ۔

اس سے قبل امید کی جاری تھی کہ ریٹائر ہونے والے چیئرمین رضا ربانی کا نام ہی ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین کے لئے تجویز کیا جائے گا۔

اس پر مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے رضا ربانی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ تاہم پی پی پی کے کوچیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔

اس اعلان پر اظہار مسرت کرتے ہوئے بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اکثریت میں ہونے کے باوجود بلوچستان کے امیدوار کو فوقیت دی۔ اس سے صوبے کا احساس محرومی کم ہو گا ۔ پیپلز پارٹی نے ایسا کر کے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی اپنی جماعت کی جانب سے صادق سنجرانی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ یوں صادق سنجرانی پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور بلوچستان سے نومنتخب سنیٹرز کے متفقہ اُمیدوار ہوں گے۔

میر صادق سنجرانی ضلع چاغی بلوچستان کے رہنے والے ہیں ۔ چاغی کے علاقے نوکنڈی میں وہ 14 اپریل 1978 کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام محمد آصف سنجرانی ہےجو قبائلی رہنما شمار ہوتے ہیں۔

میر صادق سنجرانی بلوچستان یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے ایم اے تک تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ اپنے پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔ ان کے ایک بھائی محکمہ ریونیو میں مشیر رہ چکے ہیں جبکہ دوسرے بھائی سینڈک پروجیکٹ کے ایم ڈی تھے۔

میر صادق سنجرانی 1998 میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے کوآر ڈی نیٹر رہ چکے ہیں ۔

انہوں نے 3 مارچ 2018 کو بلوچستان سے بطور آزاد اُمیدوار سینیٹ کا الیکشن لڑا اور سینیٹر منتخب ہوئے۔ ان کا نام وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو پہلے ہی تجویز کر چکے تھے جس کی پی پی پی کی جانب سے آج حمایت کا اعلان کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG