کراچی۔۔ ہالی وڈ میگا اسٹار سلمیٰ ہائیک کی دنیا دیوانی ہے۔ لیکن، خود اس گلوبل سیلبرٹی کو جس شخصیت نے متاثر کیا وہ کوئی مشہور زمانہ چمکتی دمکتی اسٹار نہیں، بلکہ کراچی کی رہنے والی ایک عام سی لڑکی ہے جس نے تعلیم عام کرنے کے خواب کو سخت جدوجہد کے بعد ناممکن سے ممکن بنا ڈالا۔
حمیرا بچل نے زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم کراچی کی کچی آبادی میں بسنے والے بچوں خصوصاً لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی ٹھانی اور راہ میں آنے والی ہر مشکل کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے ’ڈریم ماڈل اسٹریٹ اسکول‘ قائم کیا۔
سال 2014کی گرمیوں میں مکمل ہونے والے اس اسکول میں 18 کمرے، پلے گراوٴنڈ، کمپیوٹر لیب اور ایک لائبریری بھی شامل ہے۔ اسکول میں تقریباً 1000 لڑکے، لڑکیاں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔
سلمیٰ ہائیک نے حمیرا کی اس جدوجہد کو دستاویزی فلم ’حمیرا۔۔دی گیم چینجر‘ کے روپ میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ فلم فرانس میں ہونے والی ’ویمنز فورم گلوبل میٹنگ‘میں دکھائی گئی جہاں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے بارے میں آواز اٹھانے کے لئے بزنس، تعلیم، سائنس اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین موجود تھیں۔
اخبار ’ہفنگ ٹن پوسٹ‘ کے مطابق آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کی ڈائریکٹ کردہ ڈاکیومنٹری فلم کے ایک جذباتی لمحے میں 28سالہ حمیرا یہ کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ ’ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ہم کسی کھنڈر سے اٹھ کر محل میں آگئے۔ سب کچھ بدل گیا ہے۔‘
’حمیرا۔۔دی گیم چینجر‘ کی اسکریننگ سے پہلے سلمیٰ ہائیک نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کی کوشش اور مشن یہ ہے کہ دنیا بھر کی عورتوں کو انصاف ملے اور اسی سماجی خدمت کے لئے انہوں نے سنگر بیونسے اور فیشن ڈیزائنر گوچی کی کریٹو ڈائریکٹر کے ساتھ مل کر فلاحی تنظیم چیمی فورچینج کی بنیاد رکھی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب نامساعد حالات میں حمیرا کی تعلیم کے لئے کی جانے والی کوششوں کو عالمی پذیرائی ملی ہو۔ اس سے قبل مشہور پوپ سنگر میڈونا بھی حمیرا کی لڑکیوں کی تعلیم کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہ چکی ہیں۔
برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کے مطابق گذشتہ سال ’ساوٴنڈآف چینج‘ لائیو کنسرٹ میں اسٹیج پر حمیرا کی موجودگی میں پوپ آئیکون میڈونا کا کہنا تھا کہ حمیرا آزادی کی جنگ لڑنے والی سپاہی، لڑکیوں کی ہیرو اور ہم سب کے لئے مثال ہیں۔ ہر لڑکی اسکول جانے کی مستحق ہے خواہ وہ دنیا میں کہیں بھی پیدا ہوئی ہو۔ حمیرا کے ڈریم اسکول نے سینکڑوں بچوں کی زندگیاں بدل دی ہیں۔