رسائی کے لنکس

سام سنگ کا نیا چائلڈ پروف موبائل فون


سام سنگ کے ترجمان نے بتایا کہ ’ایس فور ایکٹیو موبائل فون‘ نہ صرف واٹرپروف اور ڈسٹ پروف ہے، بلکہ اسے چائلڈ پروف بھی کہا جا سکتا ہے

والدین اکثر اپنے چلبلے بچوں کی شرارتوں کے باعث اپنے قیمتی موبائل فون سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جن کی ننھی انگلیوں کی کارستانیوں کی وجہ سے اسمارٹ فون بھی اپنی ساری اسمارٹنس بھول جاتا ہے۔ تاہم، سام سنگ کا کہنا ہے کہ نیا موبائل فون خاص طور پر ایسے ہی والدین کو ذہن میں رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے جن کے ہینڈ سیٹ بچوں کے ہاتھوں تباہ ہو کر کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

سام سنگ نے جولائی میں ایک نیا موبائل فون 'ایس فور ایکٹیو' مارکیٹ میں پیش کیا ہے جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا موبائل فون موجودہ سام سنگ گیلکسی کے ماڈل ایس فور کا نیا ہینڈ سیٹ ہےجو لاپرواہیوں اور حادثات کے نتیجے میں موبائل فون کو پہنچنے والے نقصانات کو نظر میں رکھ کر بنایا گیا ہے۔

برطانوی روزنامے ’ٹائم‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سام سنگ کمپنی کے ہیڈ لیوک مانسفیلڈ نے کہا کہ ہم ایسے بہت سے والدین کو جانتے ہیں جو اپنے بچوں کی دلچسپی کی چیزیں اپنے فون میں رکھتے ہیں اور انھیں اپنا فون کھیلنے کے لیے دیتے ہیں۔ انہی گھرانوں میں بچوں کے ہاتھوں برباد ہونے والے فونون کا ڈھیر نظر آتا ہے۔ لیکن، ہم یہ سلسلہ ختم کرنا چاہتے ہیں۔

سام سنگ کے ترجمان نے بتایا کہ ایس فور ایکٹیو موبائل فون نہ صرف واٹرپروف اور ڈسٹ پروف ہے بلکہ اسے چائلڈ پروف بھی کہا جا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نیا ہینڈ سیٹ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اسے پانی میں 30 منٹ سے زیادہ دیر رہنے پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کا واٹر پروف کیمرہ کی کارکردگی پر بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

نیا ہینڈ سیٹ نہ صرف دھول اور مٹی میں گرنے پر محفوظ رہے گا بلکہ اس کی ایل سی ڈی اسکرین کو دستانے پہن کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ لیکن، فون کی اضافی خوبیوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو اس کی یو ایس بی USBخانےکومکمل طور پر بند رکھنا ہوگا۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ نئے ہینڈسیٹ کو بجا طور پرمہم جو افراد اورنگری نگری گھومنے والوں کا بہترین ساتھی قرار دیا جاسکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG