رسائی کے لنکس

آئی فون فائیو میں کیا نیا ہے


اپیل کمپنی 2007ء میں اپنا پہلا سمارٹ فون مارکیٹ میں لانے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں 24 کروڑ30 لاکھ سے زیادہ آئی فون فروخت کرچکی ہے۔

ڈیجیٹل الیکٹرانکس کی معروف کمپنی ایپل نے 12 ستمبر کو سان فرانسسکو میں اپنے سمارٹ فون ، جسے آئی فون فائیو کانام دیا گیاہے، لانچ کردیا ہے۔

کمپنی کے سی ای اوٹم کک نے پریس کانفرنس میں اپیل سمارٹ فون کا نیا ماڈل پیش کیا۔

نیا فون ، سابقہ ماڈل آئی فون فورایس کے مقابلے میں پتلا اور وزن میں کم ہے لیکن اس کی سکرین کاسائز اس سے زیادہ ہے۔

سکرین کی لمبائی میں اضافے سے اس پر آئی کانز کی ایک نئی قطار کی جگہ بن گئی ہے۔چنانچہ اب اس کی سکرین پر آئی کانز کی چار کی بجائے پانچ قطاریں دکھائی دیں گی۔


نئے فون میں انٹرنیٹ پر تیزی سے ڈیٹا بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے جی فور اور ایل ٹی ای نیٹ ورک، جس میں ایچ ایس پی اے اور ایچ ایس ڈی پی بھی شامل ہیں، کام کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔جس سے نئے فون پر انٹرنیٹ کی رفتار پچھلے ماڈل کے مقابلے میں دوگنی ہوگی۔

سام سنگ، نوکیا ، سونی اور سمارٹ فونز بنانے والی کئی کمپنیاں اپنے صارفین کو یہ سہولت تقریباً ایک سال پہلے سے ہی دے رہی ہیں، جس کی وجہ سے اپیل کو مارکیٹ میں رہنے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑرہاتھا۔

اپیل کے شعبہ مارکیٹنگ کے سربراہ فل شیلر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ آئی فون فائیو، پچھلے ماڈل فورایس کے مقابلے میں 18 فی صد پتلا اور وزن میں 20 فی صد کم ہے ، جب کہ اس کی سکرین پہلے سے بڑی ہے اوراس کا سائز چار انچ ہے۔ جب کہ فور ایس کی سکرین ساڑھے تین انچ کی ہے۔

اپیل نے اپنے نئے ماڈل میں نیا پراسیسر اے 6 استعمال کیا ہے، جو سائز میں چھوٹا مگررفتار میں تیز ہے۔

شیلر نے بتایا کہ نیا فون مکمل طورپر شیشے اور المونیم سے بنایا گیا ہے ۔اس میں آٹھ میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہے ، جو پچھلے ماڈل میں بھی تھا، لیکن اس کی کارکردگی بہتر دی گئی ہے ۔ اب وہ کم روشنی میں بہتر تصویریں اتارسکتا ہے اور اس میں تیزرفتار چیزوں کی تصویریں کھینچنے کی گنجائش بھی پیدا کی گئی ہے۔

کانفرنس میں فون کے کیمرے سے اتاری جانے والی تصویر دکھا کر بتایا گیا کہ فون میں نصب کیمرہ کسی بھی حریف سمارٹ فون کے کیمرے سے بہتر ہے۔

شیلر نے حاضرین کو بتایا کہ نئے فون کا نیا اور سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اسے دوسرے آلات سے منسلک کرنے اور چارج کرنے کے لیے چھوٹا اور کم پن کا کونیکٹر لگایا گیا ہے۔
آئی فون فائیو نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 6 پر کام کرتا ہے۔ اس میں میپنگ سافٹ ویئر بھی شامل ہے جو سیٹلائٹ تصویروں کے ساتھ ٹرن بائی ٹرن ڈائرکشن بھی دیتا ہے۔ اس میں فل سکرین سفاری ویب براؤزر اورنیا وائس کنٹرول سسٹم بھی موجود ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے سان فرانسسکو میں فون کی افتتاحی تقریب میں بتایا کہ نیا فون ہماری کمپنی کی جانب سے اب تک بنایا جانے والا خوبصورت ترین فون ہے۔

اپیل نے ایک ایسے وقت پر اپنا نیا فون مارکیٹ میں پیش کیاہے، جب اس کا دیگر سمارٹ فونز سے سخت مقابلہ جاری ہے۔ گوگل کارپوریشن کا اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم دنیا بھر میں موبائل فونز کا سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا سسٹم بن چکاہے ، جب کہ اپیل کی قریب ترین حریف کمپنی سام سنگ کے چند ماہ پہلے متعارف کرائے جانے والے سمارٹ فون گیلکسی تھری فروخت میں اپیل کے فور ایس کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

اپیل کمپنی 2007ء میں اپنا پہلا سمارٹ فون مارکیٹ میں لانے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں 24 کروڑ30 لاکھ سے زیادہ آئی فون فروخت کرچکی ہے۔

کک نے حاضرین کو بتایا کہ اس وقت اپیل کی لائبریری میں سات لاکھ سے زیادہ ایپ (ایپلی کیشنز) موجودہیں ، جودنیا بھر کسی بھی کمپنی سے کہیں زیادہ تعداد ہے۔
  • 16x9 Image

    جمیل اختر

    جمیل اختر وائس آف امریکہ سے گزشتہ دو دہائیوں سے وابستہ ہیں۔ وہ وی او اے اردو ویب پر شائع ہونے والی تحریروں کے مدیر بھی ہیں۔ وہ سائینس، طب، امریکہ میں زندگی کے سماجی اور معاشرتی پہلووں اور عمومی دلچسپی کے موضوعات پر دلچسپ اور عام فہم مضامین تحریر کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG