رسائی کے لنکس

سعودی عرب، انرجی ڈرنکس کی تشہیر اور تصویرکشی ممنوع قرار


انرجی ڈرنکس انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں۔ کابینہ نے اس رپورٹ کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کے بعد، اندرونِ ملک تمام انرجی ڈرنکس کی تشہیر پر فوری پابندی لگائے جانے کے احکامات جاری کردیئے

کراچی ... سعودی عرب میں تمام انرجی ڈرنکس کی تشہیر پر پابندی لگا دی گئی ہے، جبکہ دوران نماز تصویر کشی بھی ممنوع قرار دے دی گئی۔ مسجد نبوی کے امام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے نماز باطل ہوجاتی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’سعودی پریس ایجنسی‘ (ایس پی اے) کے مطابق، انرجی ڈرنکس کی تشہیر پر پابندی کی ہدایات سعودی کابینہ نے وزارت داخلہ کی درخواست پر جاری کیں۔ کابینہ کے اجلاس میں اس درخواست پر ہر پہلو سے غور کیا گیا۔ اجلاس ریاض کے قصر یمامہ میں وزیراعظم کے نائب مشیر شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا۔

وزارت داخلہ نے کابینہ کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ انرجی ڈرنکس انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں۔ کابینہ نے اس رپورٹ کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کے بعد اندرون ملک تمام انرجی ڈرنکس کی تشہیر پر فوری پابندی لگائے جانے کے احکامات جاری کردیئے۔

ان احکامات کے مطابق، اب ملک بھر کے تمام ٹی وی چینلز، اخبارات اور ریڈیوپر انرجی ڈرنکس کے اشتہارات نہیں دکھائے جا سکیں گے۔

وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیز خوجہ کا کہنا ہے کہ پرنٹ اورالیکٹرونک میڈیا کے ساتھ ساتھ سماجی تقریبات، ثقافتی پروگرامز، کھیل کے مقامات، ریسٹورنٹس، سرکاری اداروں، تعلیمی مراکز اور دیگر پبلک مقامات پر بھی انرجی ڈرنکس کی تشہیر منع ہوگی۔

کابینہ نے انرجی ڈرنکس تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھی اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ ڈرنکس کے ڈبوں پر ان کے مضر صحت ہونے کا انتباہ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں واضح انداز میں چھاپیں۔

دوران خطبہ فوٹو گرافی سے نماز باطل ہو جاتی ہے

سعودی عرب کے شہر مدینہ میں واقع مسجد نبوی کے امام اور خطیب الشیخ علی الخذیفی نے کہا ہے کہ دوران خطبہ موبائل کیمروں سے تصویر کشی ممنوع ہے۔ اس سے عبادت میں خلل پڑتا ہے اور نماز باطل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے نمازیوں کو خبردار کیا کہ وہ ایسے کام میں مشغول نہ ہوں جس کا تعلق عبادت یا نماز سے نہیں ہے ورنہ ان کی نماز باطل ہو جائے گی۔

ٹی وی چینل ’العربیہ‘ کے مطابق الشیخ علی الخذیفی نے دوران نماز تصویر کشی، فوٹو گرافی یا اس کی ویڈیو بنانے کو غیر شرعی عمل قرار دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شریعت میں خطبہ کے دوران تمام حاضرین کو خاموش رہنے کی تلقین کی گئی ہے، تاکہ خطبہ میں خلل پیدا نہ ہو، جبکہ فوٹوگرافی بھی نماز میں خلل کا سبب ہے۔

بعدازاں، مسجد نبوی کی نگراں کمیٹی کے ترجمان الشیخ احمد المنصوری نے مسجد انتظامیہ کی جانب سے زائرین اور نمازیوں کو دوران نماز سختی سے تصویر کشی سے روکنے کی تاکید کی۔
XS
SM
MD
LG