سعودی عرب کے میڈیا کے مطابق یمن کی سرحد کی قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں ایک سعودی شہزادے سمیت متعدد اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق ہیلی کاپٹر پر سوار تمام آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
سعودی وزارت داخلہ نے پیر کی صبح بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر صوبہ عسیر میں گر کر تباہ ہوا اور بتایا جاتا ہے کہ اعلیٰ عہدیدار صوبے میں جاری منصوبوں کو دیکھنے گئے ہوئے تھے۔
تاہم اس حادثے کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
جب کہ یمن میں حوثی باغیوں کی طرف سے بھی اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
سعودی نشریاتی ادارے العریبیہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر گرنے سے شہزادہ منصور بن مقرن ہلاک ہوئے اور وہ صوبہ عسیر کے نائب گورنر تھے۔
شہزادہ منصور بن مقررن سعودی عرب کے سابق ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز کے صاحبزادے تھے۔
اس حادثے سے ایک روز قبل سعودی عرب کی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس نے ریاض کی طرف داغے گئے ایک میزائل حملے کو ناکام بنایا ہے۔
یمن میں حوثی باغیوں نے کہا تھا کہ میزئل ریاض کے ہوائی اڈے کی جانب داغا گیا تھا۔