رسائی کے لنکس

سیوو دی چلڈرن نے پاکستان میں تمام دفاتر بند کر دیے


سعید احمد کا کہنا تھا کہ سیوو دی چلڈرن تمام متعلقہ اداروں کو اپنی تنظیم کی کارگزاری کے بارے میں مکمل دستاویزات فراہم کرنے کو تیار ہے تاکہ یہ انھیں یہ بتایا جا سکے کہ اس کا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے۔

بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم سیوو دی چلڈرن نے پاکستان میں اپنے تمام دفاتر بند کر کے ملازمین کو فی الوقت اپنے گھروں ہی سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کو دیر گئے حکام نے اس غیر سرکاری تنظیم کے اسلام آباد میں واقع مرکزی دفتر کو سیل کرتے ہوئے اس کے غیر ملکی عملے کو دو ہفتوں میں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

ہفتہ کو سیوو دی چلڈرن کے پاکستان میں ترجمان سعید احمد نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ اسلام آباد میں حکومت کی طرف سے تنظیم کا مرکزی دفتر سیل کیے جانے کے بعد ملک بھر میں اپنے دفاتر بند کرنے کا فیصلہ ان کی تنظیم کا ہے اور وہ پاکستان میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ اس اقدام کے اصل اسباب معلوم کیے جا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیوو دی چلڈرن پاکستان کی مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہی ہے اور ان کے بقول اگر مزید موقع دیا گیا تو وہ اپنا کام جاری رکھے گی۔

جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ سیوو دی چلڈرن ایسی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث تھی جو پاکستان کے مفاد کے خلاف تھیں۔

لیکن سعید احمد کا کہنا تھا کہ سیوو دی چلڈرن تمام متعلقہ اداروں کو اپنی تنظیم کی کارگزاری کے بارے میں مکمل دستاویزات فراہم کرنے کو تیار ہے تاکہ یہ انھیں یہ بتایا جا سکے کہ اس کا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے۔

چودھری نثار علی خان نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والی مقامی و غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی طرح کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

ان کے بقول اپنے قوائد و ضوابط میں رہتے ہوئے کام کرنے والے اداروں کو مزید معاونت فراہم کی جائے گی۔

سیوو دی چلڈرن تقریباً 35 سال سے پاکستان میں بچوں اور ان کے اہل خانہ کو تعلیم، صحت، خوراک اور بنیادی سہولتوں کی رسائی ممکن بناتی آ رہی ہے۔

اس تنظیم کے خلاف حکومت کے اقدامات پر مختلف سرگرم کارکنوں کی طرف سے تحفظات تو سامنے آئے ہی تھے امریکہ نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایک بیان میں پاکستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں کے لیے معیاری اصول و ضوابط مرتب کرے تاکہ سیوو دی چلڈرن سمیت ایسے تمام ادارے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کام کر سکیں۔

بیان کے مطابق امریکہ محفوظ اور معاشی طور پر مستحکم جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ ہے۔

XS
SM
MD
LG