رسائی کے لنکس

جرمن ونگز کے تباہ شدہ طیارے کا دوسرا بلیک باکس مل گیا


یہ بات اب بھی معمہ ہے کہ لوبٹز نے پائلٹ کے کاک پٹ سے باہر جانے کے بعد دروازہ بند کرکے طیارہ کیوں گرایا۔

فرانسیی تحقیق کاروں نے بتایا ہے کہ فرانس میں ایلپس پہاڑوں پر گر کر تباہ ہونے والے جرمن ونگز کے طیارے کا دوسرا بلیک باکس مل گیا ہے۔

یہ بلیک باکس اعداد و شمار ریکارڈ کرتا ہے اور جہاز کے تقریباً ہر آلے کی دورانِ پرواز کارکردگی کی معلومات اس میں محفوظ ہیں۔

پہلے بلیک باکس کی ریکاڈنگ سن کر تفتیشی افسروں نے کہا تھا کہ طیارے کے معاون پائلٹ آنڈریاس لوبٹزنے 24 مارچ کو جان بوجھ کر طیارہ نیچے گرایا تھا۔

جرمن تحقیق کاروں نے کہا ہے کہ لوبٹز نے طیارہ گرنے سے چند دن پہلے انٹرنیٹ پر خود کشی اور کاک پٹ کے دروازے کی سکیورٹی سے متعلق معلومات انٹرنیٹ پر تلاش کی تھیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ تحقیقی افسروں کو یہ معلومات جرمنی کے شہر ڈوسلڈورف میں 27 سالہ آنڈریاس لوبٹز کے اپارٹمنٹ سے ملنے والے ایک ٹیبلٹ کمپوٹر سے ملی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ معلومات 16 سے 23 مارچ یعنی طیارہ گرانے سے ایک دن قبل تک تلاش کی گئیں تھیں۔ طیارہ گرنے سے اس میں سوار تمام 150 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

24 مارچ کو یہ جہاز اسپین کے شہر بارسلونا سے جرمنی کے شہر ڈوسلڈورف جاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

جرمن روزنامے ’بِلڈ‘ کے مطابق لوبٹز نے مبینہ طور پر اپنے ڈاکٹروں سے جھوٹ بولا تھا کہ وہ چھٹی پر ہے حالانکہ وہ اس وقت کمرشل طیارے اڑاتا تھا۔ اخبار نے تحقیقی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس نے اپنی آنکھ میں خرابی کے باعث ڈاکٹر سے رجوع کیا تھا۔

اس نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ وہ پائلٹ ہے اور یہ بھی بتایا کہ وہ جرمن ونگز کے لیے کام کرتا ہے مگر جان بوجھ کر یہ نہیں بتایا کہ وہ اس وقت بھی پائلٹ کی ملازمت کر رہا تھا۔

اگر لوبٹز ان کو بتا دیتا کہ وہ اب بھی ہوابازی کرتا ہے تو شاید ڈاکٹر مریض کی معلومات کی رازداری کا حلف توڑ کر اس کی کمپنی کو اس کے مرض کے بارے میں بتا دیتے کیونکہ اس سے دوسروں کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔

یہ بات اب بھی معمہ ہے کہ لوبٹز نے پائلٹ کے کاک پٹ سے باہر جانے کے بعد دروازہ بند کرکے طیارہ کیوں گرایا۔

اس کے میڈیکل ریکارڈ کے مطابق وہ ڈپریشن، بے چینی اور شدید گھبراہٹ کے لیے دوائیں استعمال کر رہا تھا۔

جرمنی نے اس واقعے سے مسافر طیاروں کو محفوظ بنانے کے اسباق حاصل کرنے کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔

XS
SM
MD
LG