|
امریکہ کی سیکریٹ سروس کی سربراہ کمبرلی چیٹل نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ روکنے میں ناکامی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق منگل کو اپنے اسٹاف کے نام لکھی گئی ای میل میں کمبرلی چیٹل نے کہا ہے کہ وہ سابق صدر ٹرمپ پر ہونے والے حملے کی پوری ذمے داری قبول کرتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ واقعات کی روشنی میں انہیں بھاری دل کے ساتھ ڈائریکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا ہے۔
اس سے قبل پیر کو امریکہ کے ایوانِ نمائندگان کی اوور سائٹ کمیٹی کی سماعت کے دوران کمبرلی چیٹل کو سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی انتظامات سے متعلق تندو تیز سوالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سیکریٹ سروس کی سربراہ نے سابق صدر ٹرمپ پر حملے کو دہائیوں میں سیکریٹ سروس کی بڑی ناکامی قرار دیا تھا۔
انہوں نے سماعت میں یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ حملہ آور نے جس چھت سے صدر ٹرمپ پر فائرنگ کی تھی ریلی سے دو روز قبل ہی اس مقام کے خطرناک ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
تاہم وہ اس چھت پر سیکیورٹی ایجنٹس کی تعیناتی نہ کرنے سمیت سابق صدر کی سیکیورٹی سے متعلق کئی سوالات کا جواب نہیں دے پائی تھیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر 13 جولائی کو ریاست پینسلوینیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ہونے والے حملے کے بعد سیکریٹ سروس کی ڈائریکٹر اور حکام کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جارہے تھے۔ ری پبلکن پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے چیٹل سے مستعفی ہونے کے مطالبات بھی سامنے آرہے تھے۔
صدر جو بائیڈن نے بھی ریلی کے حفاظتی انتظامات کے آزادانہ جائزے کی احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد سیکریٹ سروس کے ایک انسپکٹر جنرل نے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر پینسلوینیا میں ری پبلکن پارٹی کی انتخابی ریلی میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو سیکیورٹی اہلکاروں نے موقعے ہی پر ہلاک کردیا تھا اور بعد ازاں اس کی شناخت 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے طور پر ہوئی تھی۔
یو ایس سیکریٹ سروس امریکہ کے موجودہ اور سابق صدور کی حفاظت کا ذمے دار ادارہ ہے جس میں اسپیشل ایجنٹس، باوردی حکام اور دیگر عملے سمیت 7800 افرادی قوت ہے۔
کمبرلی چیٹل اگست 2022 سے امریکہ کی سیکریٹ سروس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ مجموعی طور پر چیٹل 27 برس تک سیکریٹ سروس سے منسلک رہی تھیں۔
سن 2021 میں چیٹل نے پیپسی کو میں سیکیورٹی ایگزیکٹو کی ملازمت کے لیے سیکریٹ سروس کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ تاہم 2022 میں صدر بائیڈن نے انہیں سیکریٹ سروس کا ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔
اس خبر کے لیے مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا گیا۔
فورم