رسائی کے لنکس

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان کاکڑ انتقال کر گئے


عثمان خان کاکڑ (فائل فوٹو)
عثمان خان کاکڑ (فائل فوٹو)

پاکستان کی قوم پرست جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور سابق سینیٹر عثمان کاکڑ انتقال کر گئے ہیں۔

عثمان کاکڑ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے جنہیں چند روز قبل برین ہیمبرج کے بعد علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

عثمان کاکڑ 1961 میں بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے قصبے مسلم باغ میں سردار عبدالقیوم کے گھر پیدا ہوئے تھے۔

وہ پشتون سیاسی جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں زیادہ متحرک تھے مگر وہ قبیلے کی سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش تھے۔

عثمان کاکڑ نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے مسلم باغ اور گریجویشن مسلم باغ کے ایک سرکاری کالج سے کی تھی۔ بعدازاں انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات اور شعبہ قانون سے ماسٹرز کی ڈگریاں بھی حاصل کیں۔

تعلیم سے فراغت کے بعد عثمان کاکڑ وکالت کے شعبے سے وابستہ ہوئے مگر انہوں نے ساتھ ساتھ عملی سیاست میں بھی بھر پور حصہ لینا شروع کیا۔

عثمان خان کاکڑ سینیٹ آف پاکستان کے رُکن بھی رہے ہیں۔
عثمان خان کاکڑ سینیٹ آف پاکستان کے رُکن بھی رہے ہیں۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ایک رہنما عمر علی کے مطابق عثمان کاکڑ نے اسکول کے زمانے میں پشتون طلبہ تنظیم میں شمولیت اختیار کر کے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کر دیا تھا۔

عمر علی کے بقول 1987 میں جب پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور مزدور کسان پارٹی کا ادغام ہوا تو عثمان کاکڑ کی نگرانی میں پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا پہلا کانگریس اجلاس اسی برس منعقد ہوا اور اس طرح انہیں پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی چیئرمین کا اعزاز حاصل ہوا۔

عثمان کاکڑ نہ صرف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری بلکہ بلوچستان (جنوبی) پشتونخوا کے چیئرمین بھی تھے۔

وفاقی سیاست میں کردار

عثمان کاکڑ مارچ 2015 میں بلوچستان سے عام نشست پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور مارچ 2021 میں ریٹائرڈ ہوئے۔

انہوں نے مارچ 2018 میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے اس وقت کے حکومتی اتحاد (پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی) کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا۔ مگر حزبِ اختلاف میں شامل جماعتوں کے اتحاد کے مشترکہ امیدوار سلیم مانڈوی والا کامیاب رہے۔ سلیم مانڈوی والا کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔

XS
SM
MD
LG