ماضی میں پاکستانی فلموں کی میگا اسٹار شبنم ایک مرتبہ پھر پاکستان کے دورے پر ہیں۔ حالیہ مہینوں کے دوران یہ ان کا دوسرا دورہ ہے۔ وہ پیر کی دوپہر کراچی پہنچیں اور اسی شام مختلف تقریبات میں شرکت بھی کی۔
اس بار ان کی پاکستان آمد کا مقصد بھی بہت خاص ہے۔ انہوں نے اپنی ماضی کی بلاک بسٹر اور سپر، ڈوپر ہٹ فلم ’آئینہ‘ کے سیکوئل میں کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کردیا ہے۔ فلم کے ہیرو ندیم تھے اور سیکوئل یعنی ’آئینہ ٹو‘ میں بھی وہی ان کے ہیرو ہوں گے۔
سید نور نے پچھلے دورہ لاہور میں شبنم کے سامنے یہ تجو یز رکھی تھی جسے شبنم نے پسند کیا تھا ۔ بس پھر کیا تھا سیدنور نے اسکرپٹ پر کام شروع کیا اور اب یہ اسکرپٹ مکمل ہے۔ رہی بات کاسٹ کی تو اب تک شبنم، ندیم، بہار بیگم اور شہروز کا نام سامنے آچکا ہے جبکہ باقی کاسٹ کی تلاش جاری ہے۔
فلم ڈائریکٹر سید نور کا کہنا ہے کہ ’آئینہ‘ کے ڈائریکٹر نذر الاسلام تھے جن کی صلاحیت سے سب واقف تھے ۔ بہت سی کامیاب فلمیں ان کے کریڈیٹ پر ہیں ، ایسے میں ان کی فلم کا سیکوئل بنانا میرے لئے بہت بڑاچیلنج ہے۔ جن لوگوں نے ’آئینہ ‘ دیکھی ہے وہ یقیناً یہی چاہیں گے کہ ’آئینہ ٹو‘ بھی پہلی فلم کی طرح بلاک بسٹر ثابت ہو اس لئے بھی یہ کام واقعی میرے لئے چیلنج ہے۔‘‘
’آئینہ‘رومینٹک ،میوزیکل فلم تھی جس کے گانوں نے بھی اپنے دور میں کامیابی کے پرانے ریکارڈ توڑے اور نئے ریکارڈ بنائے۔
ایسے دور میں جبکہ پاکستانی فلم انڈسٹری بحالی کے دور میں بھی مشکلات سے دوچار ہے ،میوزک اور شاعری سننے والوں کا اعنقا ہے ، سید نور کا یہ اقدام حوصلہ افزا ہونا چاہئے ۔