دنیا بھرمیں ہٹ فلموں کا ’سیکوئل‘ بننا ایک عام بات ہے۔ لیکن، پاکستان فلمی صنعت میں ایسا پہلی بار ہوگا کہ جب یہاں بھی باکس آفس پر کامیاب فلموں کو سیکوئل کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔
اگرچہ سیکوئل فلموں کی کوئی بہت لمبی چوڑی فہرست نہیں، مگر پہلے مرحل میں جن فلموں کے سیکوئلز بنانے کا اعلان کردیا گیا ہے ان میں سرفہرست ہیں ’نامعلوم افراد‘، ’وار‘ اور پاکستان کی پہلی اینی میٹیڈ فلم ’تین بہادر‘۔
ڈائریکٹر پروڈیوسر وقاص رانا کے مطابق پاکستان کی سب سے کامیاب فلم ’وار‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اب ’وار 2‘ کا نمبر ہے۔ اس کی پروڈکشن پر رواں سال ہی لندن میں کام شروع ہو جائے گی۔
سال 2014ء میں عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی مقبولیت اب بھی برقرار ہے اور لوگ اس کے کرداروں کو بھولے نہیں ہیں۔ اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے فلم میکرز، پروڈیوسر، ڈائریکٹر جوڑی فضا علی مرزا اور نبیل قریشی نے ’نامعلوم افراد‘ کا سیکوئل بنانے کی خوشخبری دی ہے تاہم ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ سیکوئل پر کام کا آغاز کب سے ہوگا۔
نامعلوم افراد کو اپنی ریلیز کے وقت ’بینگ بینگ‘ اور’آپریشن 021‘ سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔ لیکن نسبتاً کم چنچل ستگاروں کے ساتھ بنائی گئی یہ فلم 25 ہفتوں سے بھی زائد عرصے تک نمائش کے سبب ،سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پاکستانی فلم کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
توقع ہے کہ نامعلوم افراد کا ٹی وی پریمئیر اس عید پر ہوگا۔
باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی ایک اور اینی میٹیڈ فلم ’3 بہادر‘ بھی سیکوئل کی دوڑ میں شامل ہے۔ بچوں کے لئے بنائی گئی اس فلم کا سیکوئل دسمبر 2016 میں متوقع ہے۔