رسائی کے لنکس

سرینا ولیمز یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچ گئیں


امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز 10ویں یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔

جمعرات کی شب کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں اُنہوں نے یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کو چھ، تین اور چھ، ایک سے شکست دی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میچ نیو یارک کے کوئنز ایریا کے آرتھر ایش اسٹیڈیم کورٹ میں ہوا جو 70 منٹ تک جاری رہا۔

کینیڈین کھلاڑی بیانکا اینڈریسو
کینیڈین کھلاڑی بیانکا اینڈریسو

سرینا ولیمز کی یہ 101ویں کامیابی ہے اور اسی اعتبار سے اِسے تاریخی قرار دیا جارہا ہے۔ یو ایس اوپن 2019 کے فائنل میں سرینا کا مقابلہ کینیڈین کھلاڑی بیانکا اینڈریسو سے ہوگا۔

امریکہ کو ٹینس میں آل ٹائم برتری دلانے کے لیے اُن کی فتوحات کا ریکارڈ مارگریٹ کورٹ سے صرف ایک میچ پیچھے ہے جو اُن کی 24ویں کامیابی کی صورت میں برابر ہوسکتا ہے۔

سرینا ولیمز کی ہم وطن کھلاڑی مارگریٹ کورٹ سب سے زیادہ گرینڈ سلم جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔

وہ 24 مرتبہ یہ اعزاز جیتنے میں کامیاب رہی ہیں اور سرینا کو یہ ریکارڈ برابر کرنے کے لیے مزید ایک اور فتح درکار ہے۔

ایلینا سویٹولینا
ایلینا سویٹولینا

سرینا کی نظر ماں بننے کے بعد اپنے پہلے گرینڈ سلم پر ہے۔ انہوں نے 2017 میں آسٹریلیا اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد وہ کافی عرصے تک ٹینس کورٹ سے دور رہیں اور کورٹ میں واپسی کے بعد اب ان کی نظر یو ایس اوپن میں کامیابی پر جمی ہے۔

سن 2018 کے یو ایس اوپن میں اُن کا مقابلہ اسی کورٹ پر نواومی اوساکا سے ہوا تھا لیکن وہ یہ اعزاز جیتنے میں ناکام رہیں اور مقابلہ اوساکا کے نام رہا۔

سرینا ولیمز نے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں یوکرین کی جس کھلاڑی کو شکست دی وہ دنیا کی پانچویں نمبر کی کھلاڑی ہیں۔ جن سے کورٹ میں 70 منٹ تک مقابلہ جاری رہا۔

XS
SM
MD
LG